کولگام : جموں و کشمیر سے ایک بڑی خبر سامنے آرہی ہے۔ یہاں ضلع کولگام میں پیر کو دہشت گردوں کی فائرنگ میں ایک ریٹائرڈ فوجی اہلکار کی موت ہوگئی۔ اس حملے میں ان کی اہلیہ اور بیٹی بھی زخمی ہوگئے ہیں اور ان کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔اعلیٰ پولیس عہدیداروں کے مطابق دہشت گردوں نے ریٹائرڈ فوجی منظور احمد کو بیہی باغ، کولگام میں واقع ان کی رہائش گاہ پر نشانہ بنایا۔ حملے میں وہ اپنی اہلیہ اور بیٹی سمیت شدید زخمی ہو گئے۔ انہیں فوری طور پر علاج کے لیے قریبی ہاسپٹل لے جایا گیا تاہم ریٹائرڈ فوجی اہلکار زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسے جبکہ اپنی اہلیہ اور بیٹی شدید طور پر زخمی ہوئے ہیں جن کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے۔