بہار کے بھاگلپور ضلع واقع ببر گنج تھانہ حلقہ میں ہفتہ کے روز بم دھماکے سے ایک گھر پوری طرح تباہ ہو گیا۔ اس حادثہ میں ایک نوجوان کی موت ہو گئی جب کہ تین لوگ زخمی بتائے جا رہے ہیں۔ پولیس معاملے کی چھان بین کر رہی ہے۔پولیس کے مطابق ببر گنج تھانہ حلقہ کے حسین آباد قریشی محلہ میں ایک بم دھماکہ سے عبدالغنی کا گھر پوری طرح تباہ ہو گیا۔ اس حادثہ میں ایک 17 سالہ نوجوان کی موت ہو گئی اور تین لوگ زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں عبدالغنی کی بیوی اور بیٹی شامل ہیں، جبکہ مہلوک کی شناخت عبدالغنی کے بیٹے توصیف عالم کی شکل میں کی گئی ہے۔
حادثہ کی اطلاع ملنے کے بعد فوراً ببر گنج تھانہ کی پولیس سمیت دیگر تھانوں کی پولیس اور بم اسکواڈ کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔ عبدالغنی کا دعویٰ ہے کہ اس کے گھر میں نہیں، گھر کے باہر دھماکہ ہوا ہے۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ اس کے گھر میں بم نہیں تھا۔ مقامی لوگوں کے مطابق دھماکہ اتنا زبردست تھا کہ آواز دور تک سنائی دی۔ قابل ذکر ہے کہ حال ہی میں مدھوسودن پور کے شہزاد پور گاؤں میں بھی ایک بم دھماکہ ہوا تھا جس میں دو بچے بری طرح زخمی ہو گئے تھے۔