پٹنہ(ت ن س)وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے اڈیشہ کے بالاسور میںہوئے ہولناک ٹرین حادثہ میں بہار کے مہلوکین کے لواحقین کو فی کس 02-02 لاکھ روپے اور حادثے میں شدید زخمیوں کو 50-50 ہزار روپے چیف منسٹر ریلیف فنڈ سے امدادی رقم دینے کا اعلان کیا۔بالاسور ٹرین حادثے میں بہار کے مسافروں کو مدد فراہم کرنے کے مقصد سے چار افسران کی ایک ٹیم کو اڈیشہ حکومت، ریلوے اور بالاسور ضلع انتظامیہ کے ساتھ تعاون کے لیے بھیجا گیا تھا۔ مذکورہ ٹیم نے بالاسور، کٹک اور بھونیشور میں زیر علاج بہار کے مسافروں سے ملاقات کی اور ان کے بہتر علاج کے لیے ضلع انتظامیہ اور اسپتال انتظامیہ کے ساتھ تال میل قائم کیا۔ٹیم کے ذریعہ ٹرین حادثے میں بہار کے مرنے والوں کی شناخت کرنے اور ان کی لاشوں کو واپس بہار بھیجنے میں ان کے اہل خانہ کی مدد کی گئی۔ مرنے والوں کی شناخت کے لیے لواحقین کے ڈی این اے کی سیمپلنگ کرانے کے لیے ایمس بھونیشور اور حکومت اڈیشہ کے ساتھ بھی رابطہ قائم کیا گیا۔بہار کے تقریباً 30 مسافر اب بھی مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ لاپتہ افراد کےلواحقین ڈی این اے کے نمونے دینےکے بعد رپورٹ کے انتظار میں بھونیشور میں مقیم ہیں۔ ان کے تعاون کے لیے وزیر اعلیٰ کی ہدایات پرآفات مینجمنٹ محکمہ نے پھر سے دو افسران کی ٹیم بھونیشور بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ٹرین حادثے میں زخمی ہونے والے افراد اڈیشہ کے مختلف اسپتالوں میں علاج کے بعد بتدریج اپنے گھر واپس ہورہے ہیں ۔ وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر محکمہ صحت نے ضلع کے چیف میڈیکل آفیسر کم سول سرجن کو ایسے لوگوں کی صحت کا خیال رکھنے اور ضرورت پڑنے پر مزید علاج کا اختیار دیا ہے۔ چیف میڈیکل آفیسر کم سول سرجن میڈیکل آفیسرز اور ہیلتھ ورکرز کی ایک ٹیم تمام زخمیوں کے گھر بھیجیں گے تاکہ ان کی صحت کے بارے میں دریافت کی جا سکے اور ضرورت پڑنے پرآگےعلاج کا انتظام کیا جائے گا۔وزیراعلی نے اس حادثے میں مرنے والوں کے لواحقین سے گہری تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے۔ وزیراعلیٰ نے حادثے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کے لیے خداسے دعا بھی کی ہے۔