نئی دہلی: جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کے استعفے اور گرفتاری کے بعد انڈیا اتحاد کے اعلیٰ لیڈران کی ایک میٹنگ ہوئی جس میں ہیمنت سورین کی گرفتاری کے بعد پیدا ہوئی صورت حال پر بات چیت کی گئی۔ کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے کی رہائش پر ہوئی اس میٹنگ میں سونیا گاندھی، سی پی آئی کے جنرل سکریٹری سیتارام یچوری، این سی پی کے سربراہ شرد پوار اور ڈی ایم کے کے لیڈر ٹی آر بالو سمیت کئی لیڈران شریک ہوئے۔اس موقع پر بی جے پی اور پی ایم مودی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے نے کہا، ’’جو مودی جی کے ساتھ نہیں گیا وہ جیل جائے گا۔ جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کے خلاف ای ڈی کو لگا کر انہیں استعفیٰ دینے پر مجبور کرنا وفاقیت کی دھجیاں اڑانا ہے۔
ہیمنت سورین کے خلاف جس پی ایم ایل قانون کے تحت کارروائی ہوئی ہے، کھڑگے نے اس پر بھی سخت حملہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’پی ایم ایل اے کی شقوں کو سخت بنا کر اپوزیشن کے لیڈروں کو خوفزدہ کرنا، دھمکانا بی جے پی کی ٹول کٹ کا حصہ ہے۔ سازش کے تحت ایک ایک کر کے اپوزیشن کی حکومتوں کو غیرمستحکم کرنے کا بھاجپائی کام جاری ہے۔ بی جے پی واشنگ مشین میں جو چلا گیا وہ سفیدی کی چمکار سے صاف ہے، جو نہیں گیا وہ داغدار ہے! جمہوریت کو اگر آمریت سے بچانا ہے تو بی جے پی کو ہرانا ہوگا۔ ہم ڈریں گے نہیں، پارلیمنٹ سے سڑک تک لڑتے رہیں گے۔