نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا اور انٹرنیٹ کے اس دور میں بھی ریڈیو پورے ملک کو جوڑنے کا ایک طاقتور وسیلہ ہے۔ اتوار کو اپنے ماہانہ پروگرام ’من کی بات‘ میں مودی نے کہا کہ ’’من کی بات کے ذریعے ہمارا اور آپ کا رشتہ ایک دہائی پرانا ہے۔ سوشل میڈیا اور انٹرنیٹ کے اس دور میں بھی ریڈیو پورے ملک کو جوڑنے کا ایک طاقتور ذریعہ ہے۔ ریڈیو کی طاقت کتنی تبدیلی لا سکتی ہے اس کی انوکھی مثال چھتیس گڑھ میں دیکھنے کو مل رہی ہے۔ گزشتہ سات سالوں سے یہاں کے ریڈیو پر ایک مقبول پروگرام نشر کیا جا رہا ہے جس کا نام ‘ہمار ہاتھی – ہمار گوٹھ ہے۔ نام سن کر آپ سوچیں گے کہ ریڈیو اور ہاتھی میں کیا رشتہ ہو سکتا ہے۔ لیکن یہی ریڈیو کی خوبصورتی ہے۔
وزیراعظم مودی نے کہا کہ ’’چھتیس گڑھ میں یہ پروگرام ہر شام آل انڈیا ریڈیو کے چار مراکز امبیکاپور، رائے پور، بلاس پور اور رائے گڑھ سے نشر کیا جاتا ہے اور آپ کو یہ جان کر حیرت ہوگی کہ چھتیس گڑھ کے جنگلات اور آس پاس کے علاقوں میں رہنے والے لوگ اس پروگرام کو بڑی توجہ سے سنتے ہیں۔ ’ہمار ہاتھی – ہمار گوٹھ‘ میں بتایا گیا ہے کہ ہاتھیوں کا ریوڑ جنگل کے کس علاقے سے گزر رہا ہے۔ یہ اطلاعات یہاں کے لوگوں کے لیے بہت مفید ہے۔ جیسے ہی لوگوں کو ریڈیو کے ذریعے ہاتھیوں کے ریوڑ کی آمد کی اطلاع ملتی ہے وہ چوکنا ہو جاتے ہیں۔ جن سڑکوں سے ہاتھی گزرتے ہیں ادھر جانے کا خطرہ ٹل جاتا ہے‘‘۔