ایودھیا : وزیر اعظم نریندر مودی رام مندر میں رام للا کی پران پرتشٹھا سے پہلے ہفتہ کو ایودھیا پہنچے ۔ پہنچنے کے بعد وزیراعظم مودی نے دھرم پتھ سے ایودھیا دھام تک روڈ شو کیا اور اس کے بعد ایودھیا دھام ریلوے اسٹیشن کا افتتاح کیا ۔ پھر وزیر اعظم نریندر مودی نے یہاں سے 6 وندے بھارت ٹرینوں اور 2 امرت بھارت ٹرینوں کو ہری جھنڈی دکھائی۔240 کروڑ روپے سے زیادہ کی لاگت سے تیار ہوئی تین منزلہ جدید ریلوے اسٹیشن کی عمارت سبھی جدید سہولیات سے آراستہ ہے جیسے لفٹ، ایسکلیٹرز، فوڈ پلازہ، پوجا کی ضروریات کے لئے دکانیں، کلاتھ روم ، چائلڈ کیئر روم، ویٹنگ ہال وغیرہ ۔ اسٹیشن بھون ‘سبھی کے لئے قابل رسائی’ اورآئی جی بی سی سرٹیفائیڈ گرین اسٹیشن بلڈنگ ہوگی۔
اس سے پہلے اتر پردیش کی گورنر آنندی بین پٹیل، یوپی کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ اور یوپی کے نائب وزیر اعلی برجیش پاٹھک نے ہوائی اڈے پر وزیر اعظم کا استقبال کیا اور انہیں پھول پیش کیے۔ پی ایم مودی نے ایودھیا میں ایک گھنٹے تک روڈ شو کیا، جس میں سڑک کے دونوں طرف لوگوں کی بھیڑ دیکھی گئی۔ لوگوں کو جئے شری رام کے نعرے لگاتے بھی سنا گیا۔ وزیراعظم پر پھولوں کی پتیاں بھی نچھاور کی گئیں۔وزیر اعظم مودی کے دورہ ایودھیا کی وجہ سے شہر کی سیکورٹی کے انتظامات میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے۔