نئی دہلی :صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے جمعرات کو مدھیہ پردیش اور چھتیس گڑھ ریاستی اسمبلیوں کے لیے منتخب کیے جانے کے بعد مرکزی کابینہ سے تین مرکزی وزراء نریندر سنگھ تومر، پرہلاد سنگھ پٹیل اور رینوکا سنگھ کا استعفیٰ منظور کر لیا۔ اس کے ساتھ ہی مذکورہ اراکین اسمبلی مرکزی کابینہ میں ملی ذمہ داریوں سے بھی سبکدوش ہو گئے اور ان کی ذمہ داریاں دوسرے اراکین پارلیمنٹ کے سپرد کر دی گئی ہیں۔ راشٹرپتی بھون کے ذریعہ جاری ایک نوٹیفکیشن کے مطابق ارجن منڈا کو ان کے موجودہ منصب کے علاوہ وزارت برائے زراعت و کسان فلاح کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ پہلے یہ ذمہ داری نریندر سنگھ تومر سنبھال رہے تھے۔
وزیر مملکت شوبھا کرندلاجے کو بھی پہلے سے حاصل منصب کے علاوہ پرہلاد سنگھ پٹیل کی ذمہ داریاں بھی دے دی گئی ہیں۔ پرہلاد پٹیل وزارت برائے فوڈ پروسیسنگ انڈسٹری میں وزیر مملکت کی ذمہ داری سنبھال رہے تھے۔ علاوہ ازیں آئی ٹی وزیر مملکت راجیو چندرشیکھر کو ان کے موجودہ محکموں کے علاوہ وزارت برائے آبی قوت میں وزیر مملکت کی ذمہ داری بھی سونپی گئی ہے۔ یہ ذمہ داری بھی پرہلاد سنگھ پٹیل ہی سنبھال رہے تھے۔
وزیر مملکت ڈاکٹر بھارتی پروین پوار کو بھی مرکزی کابینہ میں اہم ذمہ داری ملی ہے۔ انھیں موجودہ منصب کے علاوہ قبائلی امور کی وزارت میں وزیر مملکت کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ پہلے یہ ذمہ داری رینوکا سنگھ سنبھال رہی تھیں۔