نئی دہلی: ملک کی کئی ریاستوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہےجبکہ کئی ریاستوں سے مانسون کی روانگی کا آغاز ہو چکاہے۔ شمال مغربی ہندوستان اور مغربی وسطی ہندوستان کے کچھ حصوں سے مانسون کی روانگی کے لیے حالات سازگار ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مشرقی ہندوستان کی ریاستوں میں 29 ستمبر سے موسلادھار بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ اڈیشہ میں 29 ستمبر سے 01 اکتوبر تک موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ قومی راجدھانی دہلی جزوی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے۔
آج کے موسم کے بارے میں بات کریں تو جزائر انڈمان اور نکوبار میں درمیانی سے بھاری بارش کا امکان ہے۔ کونکن اور گوا، ساحلی کرناٹک، کیرالہ اور مدھیہ مہاراشٹرا کے کچھ حصوں میں ہلکی سے درمیانی بارش ہو سکتی ہے جس میں کچھ موسلادھار بارش ہو سکتی ہے۔ اڈیشہ، جھارکھنڈ، مغربی بنگال، چھتیس گڑھ، مشرقی مدھیہ پردیش، تلنگانہ، آندھرا پردیش، اندرونی کرناٹک اور مراٹھواڑہ میں ہلکی سے درمیانی بارش کا امکان ہے۔ شمال مشرقی ہندوستان، سکم، بہار، جنوب مغربی مدھیہ پردیش، گجرات، ودربھ، تمل ناڈو اور جنوب مشرقی راجستھان میں ایک یا دو مقامات پر ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔