نئی دہلی :پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کی کارروائی غیرمعینہ عرصے کیلئے ملتوی کردی گئی۔ آئین کے 128 ویں ترمیمی بل 2023 کی منظوری کے بعد راجیہ سبھا کے چیئرمین جگدیپ دھنکڑ نے ایوان کی کارروائی غیرمعینہ مدت کیلئے ملتوی کردی۔ بعد میں چندریان تین مشن کی کامیابی اور خلاءکے شعبے میں ملک کی دیگر کامیابیوں کے بارے میں قرارداد منظور کئے جانے کے بعد ، لوک سبھا کی کارروائی بھی غیرمعینہ عرصے کیلئے ملتوی کردی گئی۔
لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے خصوصی اجلاس کے دوران لوک سبھا میں قانون سازی کے کام کاج کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ چار دن کے اجلاس میں ارکانِ پارلیمنٹ نے مختلف معاملات پر 31 گھنٹے بحث کی ۔ انہوں نے بتایا کہ سموِدھان سبھا سے لے کر پارلیمانی سفر کے 75 سال کے بارے میں 36 ارکان نے مباحثے میں حصہ لیا۔
تاریخی خواتین ریزرویشن بل کے بارے میں جناب اوم برلا نے کہا کہ 60 ارکانِ پارلیمنٹ نے تقریباً 10 گھنٹے بحث میں حصہ لیا ۔ چندریان تین مشن کی کامیابی اور خلاءکے شعبے میں ملک کی دیگر کامیابیوں پر 87 ارکان نے بحث میں حصہ لیا ۔ پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس ، اِس مہینے کی 18 تاریخ کو شروع ہوا تھا اور یہ طے شدہ پروگرام سے ایک دن پہلے کل ختم ہوگیا۔