نئی دہلی :چھ ریاستوں میں سات اسمبلی سیٹوں پر آج ضمنی انتخابات ہوئے۔ میڈیا کی خبر کے مطابق بارش کے باوجود، کیرالہ کے پوتھوپلی میں 72.91 فیصد رائے دہندگان نے ووٹنگ کے اختتام پر اپنا ووٹ ڈالا۔ اتراکھنڈ کے باگیشور میں 55 فیصد سے زیادہ ووٹ ڈالے گئے۔ دریں اثنا، تشدد اور جعلی ووٹنگ کے الزامات کے درمیان، تریپورہ کے دھن پور اور باکسا نگر میں شام 5 بجے تک بالترتیب 83.92% اور 89.20% ووٹ ڈالے گئے۔
جھارکھنڈ کے ڈمری، کیرالہ کے پوتھوپلی، تریپورہ کے باکسان نگر اور دھان پور، اتراکھنڈ میں باگیشور، اتر پردیش کے گھوسی اور مغربی بنگال کے دھوپگوری میں ضمنی انتخابات صبح 7 بجے شروع ہوئے۔ ووٹوں کی گنتی 8 ستمبر کو ہوگی۔ پانچ سیٹوں پر ضمنی انتخابات موجودہ ایم ایل ایز کی موت کی وجہ سے ضروری ہوگئے تھے، جب کہ دو دیگر ایم ایل ایز نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔