نئی دہلی :آر ایس ایس کے آل انڈیا تشہیری چیف سنیل آمبیکر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آر ایس ایس کی سالانہ آل انڈیا کوآرڈنیشن میٹنگ اس سال مہاراشٹر کے پُنے میں منقعد ہونے جا رہی ہے۔ سہ روزہ یہ کوآرڈنیشن میٹنگ 15، 14 اور 16 ستمبر 2023 کو ہوگی۔ یہ آل انڈیا سطح کی وسیع کوآرڈنیشن میٹنگ سال میں ایک بار منقعد ہوتی ہے۔آر ایس ایس چیف موہن بھاگوت اور سرکردہ لیڈر دتاترے ہوسبولے کی قیادت میں ہونے جا رہی میٹنگ میں بی جے پی، وی ایچ پی اور اے بی وی پی سمیت آر ایس ایس سے منسلک سبھی 36 تنظیموں کے اہم عہدیدار شامل ہو کر اپنی اپنی تنظیم کی کارگزاری سے متعلق رپورٹ دیں گے۔ ساتھ ہی میٹنگ میں مستقبل کی پالیسی پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔
آمبیکر نے آگے بتایا کہ اس میٹنگ میں آر ایس ایس چیف ڈاکٹر موہن بھاگوت اور دتاترے ہوسبولے سمیت آر ایس ایس کے سبھی سرکردہ عہدیدار و لیڈران موجود رہیں گے۔ میٹنگ میں آر ایس ایس سے جڑے یا ان کے نظریات کی حمایت کرنے والی 36 تنظیموں کے اہم عہدیدار بھی شریک ہوں گے۔ ان تنظیموں میں راشٹر سیویکا سمیتی، وَنواسی کلیان آشرم، وی ایچ پی، اے بی وی پی، بی جے پی، بھارتیہ کسان سَنگھ، وِدیا بھارتی، بھارتیہ مزدور سَنگھ، سنسکار بھارتی، سیوا بھارتی، سنسکرت بھارتی، اکھل بھارتیہ ساہتیہ پریشد وغیرہ شامل ہیں۔
آر ایس ایس کی یہ میٹنگ لوک سبھا انتخاب سے عین پہلے ہورہی ہے ،اس لئے اس میں تنظیم کی سیاسی حکمت عملی پر تبادلہ خیال بھی طے ہے ۔میٹنگ میں موجودہ حکومت کی کارگزاریوں کا جائزہ لینے کے بعد مستقبل کی منصوبہ سازی کی جا ئیگی۔