نئی دہلی : جی 20 چوٹی کانفرنس کی تیاریوں کے درمیان خالصتان حامیوں نے قومی راجدھانی میں ماحول خراب کرنے کی کوشش کی ہے ۔ اتوار کو دہلی میٹرو کے شیواجی پار، مادی پور، پچھشم وہار، ادھیوگ نگر، مہاراجہ سورج مل اسٹیڈیم، پنجابی باغ اور ناگلوئی میٹرو اسٹیشنون اور آس پاس کے علاقوں میں متنازع خالصتان حامی نعرے نظر آئے ۔
موصولہ معلومات کے مطابق دہلی بنے گا خالصتان اور خالصتان ریفرینڈم زندہ آباد جیسے نعرے دہلی میٹرو اسٹیشن کی دیواروں پر اسپرے پینٹ کے ذریعے لکھے ہوئے تھے ۔ اس واقعےکے بعد دہلی پولیس کی اسپیشل سیل سمیت مقامی اضلاع کی ٹیمیں الرٹ موڈ میں آگئی ہیں ۔ دہلی پولیس نے کہا کہ معاملہ کی جانچ چل رہی ہے اور اس حرکت کے پیھچے شامل عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کی جارہی ہے۔
دہلی پولیس کے مطابق جی 20 چوٹی کانفرنس سے پہلے سکھ فار جسٹس ( ایس جے ایف) نے دہلی میٹرو اسٹیشنوں کے فوٹیج جاری کئے ہیں ۔ ان میں خالصتان حامی نعرے لکھے ہوئے ہیں ۔ دہلی کے کئی میٹرو اسٹیشنوں پر شیواجی پارک سے لے کر پنجابی باغ تک ایس جے ایف کارکنان کو خالصتان حامی نعرے کے ساتھ دکھایا گیا ہے ۔ اسٹیشنوں پر دہلی بنے گا خالصتان اور خالصتان زندہ آباد لکھا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ دہلی پولیس اس کے لئے ذمہ دار افراد کا پتہ لگانے کیلئے ان میٹرو اسٹیشنوں کے سی سی ٹی وی فوٹیج کھنگال رہی ہے، جہاں نعرے لکھے گئے تھے ۔ اس سلسلہ میں مدد کیلئے سی آئی ایس ایف افسران سے بھی رابطہ کیا گیا ہے ۔ دیواروں پر نعرے لکھے ہونے کی خبر ملتے ہی جائے واقعہ پر پہنچی دہلی پولیس نے دیواروں کو صاف کرا دیا ہے ۔