نئی دہلی : غیر قانونی طریقہ سے ہندوستان آئی سیما حیدر نے پیر کو ترنگا جھنڈا لہرایا۔ ماتھے پر بھگوا پٹی باندھے نظر آئی سیما حیدر نے گریٹر نوئیڈا کے ربوپورہ میں اپنے نئے شوہر سچن کے گھر کے باہر جھنڈا لہرایا ۔ اس دوران سیما حیدر نے ہندوستان زندہ آباد کے ساتھ ساتھ پاکستان مردہ آباد کے نعرے بھی لگائے۔ سیما حیدر اپنے چار بچوں کے ساتھ نیپال کے راستے ہندوستان آئی ہے ۔آزادی کے 75 سال پورے ہونے کی مناسبت سے اس سال یوم آزادی پر امرت مہوتسو منایا جارہا ہے ۔ اسی سلسلہ میں مرکزی حکومت ملک بھر میں ترنگا یاترا نکال رہی ہے ۔ بائیک ریلی کا بھی انعقاد کیا جارہا ہے ۔ سیما اور سچن نے گریٹر نوئیڈا میں آزادی کا جشن ترنگا لہرا کر منایا ۔
ہر گھر ترنگا مہم کے تحت سیما حیدر اور سچن نے اپنے گھر پر ترنگا لہرایا ۔ کراچی کی رہنے والی سیما اب گریٹر نوئیڈا کے ربو پورہ میں سچن مینا کے ساتھ رہ رہی ہے ۔سال 2019 میں آن لائن پب جی گیم کھیلتے ہوئے سچن اور سیما ایک دوسرے کے رابطے میں آئے تھے ۔ سیما نے ترنگا لہراتے وقت کہا کہ آج میں نے اپنے گھر پر ترنگا لگایا ہے ۔ میں ہندوستان کی ہی ہوں ۔ سیما حیدر کے ماتھے پر جے ماتا دی لکھی پٹی بندھی ہوئی تھی ۔ گلے میں ترنگا لپیٹے سیما حیدر اپنے شوہر سچن کے ساتھ نظر آئیں ۔اس موقع پر سیما حیدر نے ہندوستان زندہ آباد کے نعرے لگائے اور کہا کہ اگر موقع ملا تو غدر 2 فلم بھی دیکھنے کیلئے ضرور جاوں گی ۔ سیما حیدر نے اس دوران وزیراعظم مودی اور وزیراعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی جئے کے نعرے بھی لگائے۔