نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کو نئی دہلی میں منعقدہ 12ویں برکس پارلیمانی فورم میں شرکت کی اور پارلیمنٹ ہاؤس کمپلیکس کے ’سمویدھان سدن‘ کے سنٹرل ہال میں غیر ملکی نمائندوں سے بات چیت کی۔ اس فورم میں برکس کے رکن اور شراکت دار ممالک کے پارلیمانی رہنما اور دیگر اہم شخصیات شرکت کر رہے ہیں۔ اس کا مقصد پارلیمانی تعاون کو مضبوط بنانا اور عوام پر مرکوز ترقی کو فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلۂ خیال کرنا ہے۔
اس پروگرام میں برکس کے رکن اور شراکت دار ممالک کے پارلیمانی رہنماؤں اور ایوانوں کے سربراہان کے علاوہ مرکزی وزرا، راجیہ سبھا کے ڈپٹی چیئرمین ہری ونش، ریاستی اسمبلیوں کے اسپیکر، اراکین پارلیمنٹ اور دیگر معزز شخصیات بھی شریک ہوئیں۔
اس سے قبل لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے اجلاس کی صدارت کی اور برکس ممالک کے نمائندوں کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے شریک ممالک کے درمیان مکالمے، باہمی احترام اور تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔
اپنے افتتاحی خطاب میں اوم برلا نے کہا کہ دنیا کے سب سے بڑے جمہوری ملک ہندوستان میں برکس کے رکن ممالک کے پارلیمانی وفود کی موجودگی اور ان کا مشترکہ عزم اپنے آپ میں ایک خاص تجربہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں برکس پارلیمانی تعاون کا انعقاد مکالمے اور باہمی احترام کے تئیں مشترکہ عزم اور جمہوری اقدار پر مشترکہ یقین کی عکاسی کرتا ہے۔

















