جنوبی دہلی کے ستیہ نکیتن علاقہ میں 6 ستمبر کو پیش آئے حادثہ کے بعد دہلی میونسپل کارپوریشن (ایم سی ڈی) ایکشن میں دکھائی دے رہا ہے۔ اب ایم سی ڈی نے منہدم عمارت سے بالکل ملحق دوسری کثیر منزلہ عمارتوں کو منہدم کرنے کا عمل بھی شروع کر دیا ہے۔ ایم سی ڈی کا کہنا ہے کہ حادثہ کے بعد کچھ عمارتوں کو غیر محفوظ اور خطرناک قرار دیا گیا تھا، جس کو پیش نظر رکھتے ہوئے کارروائی کی جا رہی ہے۔
ایم سی ڈی کے ایک افسر کا کہنا ہے کہ ’’ہم نے متاثرہ عمارت سے ملحق عمارت کو گرانے کا کام شروع کر دیا ہے۔ شام کو کام روک دیا گیا تھا، جسے اگلی صبح (9 ستمبر کو) پھر سے شروع کیا جائے گا۔‘‘ بتایا جا رہا ہے کہ اس عمارت کو ماہرین کی نگرانی میں زمین بوس کیا جائے گا۔ عمارت کو اچانک گرنے سے بچانے کے لیے چاروں طرف لوہے کے سپورٹ بھی لگائے گئے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ اس عمارت میں لڑکیوں کا پی جی چلتا تھا، لیکن اتوار کو ہوئے حادثہ کے فوراً بعد اسے خالی کرا لیا گیا تھا۔ ایم سی ڈی نے مکان نمبر 13 کے مالک اور رہائشیوں کو اسے منہدم کرنے کا حکم جاری کیا تھا، کیونکہ اس سے آس پاس کی عمارتوں اور لوگوں کی جان کو خطرہ تھا۔ عمارت منہدم کرنے کی کارروائی شروع کرنے سے قبل طلبا کو اپنا بچا ہوا سامان لے جانے کے لیے کہا گیا تھا۔


















