نئی دہلی: 2023 سے 2025 کے درمیان بیرون ملک میں بڑی تعداد میں ہندوستانی شہریوں کی موت ہوئی ہے۔ ان میں خودکشی کے معاملات کی تعداد تشویشناک ہے اور ایسے معاملات میں سب سے زیادہ حصہ خلیجی ممالک کا رہا ہے۔ وزارت خارجہ کے اعداد و شمار کے مطابق اس مدت کے دوران خلیجی ممالک میں خودکشی اور دیگر وجوہات کی وجہ سے مجموعی طور پر 4124 ہندوستانیوں کی موت ہوئی ہے۔ اسی طرح گزشتہ 3 سالوں میں بیرون ملک جان گنوانے والے ہندوستانیوں کی مجموعی تعداد 39 ہزار سے زائد رہی۔ فی الحال خلیجی ممالک میں تقریباً ایک کروڑ ہندوستانی رہ رہے ہیں۔
وزیر مملکت برائے امور خارجہ کیرتی وردھن سنگھ نے پارلیمنٹ کے موجودہ اجلاس کے دوران لوک سبھا میں بتایا کہ 2023 سے 2025 کے درمیان بیرون ملک ہندوستانی شہریوں کی جانب سے خودکشی کے مجموعی طور پر 1900 سے زائد واقعات درج کیے گئے۔ ان میں سے 70 فیصد سے زیادہ معاملات خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے ممالک سے وابستہ ہیں۔ اس کے بعد ملیشیا میں 131 اور امریکہ میں 62 کیسز درج کیے گئے۔ اٹلی، کناڈا اور برطانیہ میں بھی اسی مدت کے دوران 30 سے زائد معاملات سامنے آئے۔ حالانکہ حکومت نے ان واقعات میں اضافے کی کوئی خاص وجہ نہیں بتائی ہے، لیکن ہندوستانیوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کا بھروسہ دلایا ہے۔
وزارت خارجہ کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 3 سالوں میں خلیجی ممالک میں کل 1340 ہندوستانی شہریوں نے خودکشی کی۔ ان میں متحدہ عرب امارات میں 511، سعودی عرب میں 354، کویت میں 162، عمان میں 146، بحرین میں 101 اور قطر میں 66 واقعات درج کیے گئے۔ اسی مدت کے دوران، دیگر وجوہات کی بنا پر خلیجی ممالک میں 2784 ہندوستانیوں کی موت ہوئی۔ ان میں متحدہ عرب امارات میں 1092 اور سعودی عرب میں 1040 اموات درج کی گئیں۔ یہ اعداد و شمار وزیر مملکت برائے امور خارجہ کیرتی وردھن سنگھ نے کانگریس کے اراکین پارلیمنٹ ستپال برہمچاری اور جے پرکاش کے سوال کے جواب میں لوک سبھا میں پیش کیے۔
















