بہار اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کے اعلان کے ساتھ ہی پاسوان خاندان کے اندر سیاسی دراڑ ایک بار پھر گہری ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔ مرکزی وزیر چراغ پاسوان کے چچا اور راشٹریہ لوک جن شکتی پارٹی (آر ایل جے پی) کے سربراہ پشوپتی کمار پارس نے بدھ کے روز اعلان کیا کہ ان کی پارٹی ان تمام نشستوں پر امیدوار اتارے گی جہاں چراغ کی پارٹی لوک جن شکتی پارٹی (رام ولاس) مقابلے میں ہوگی۔
پارس نے گزشتہ برس مرکزی کابینہ سے اس وقت استعفیٰ دے دیا تھا جب بی جے پی نے 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں چراغ پاسوان کو اتحادی کے طور پر ساتھ لینے کا فیصلہ کیا تھا۔ ذرائع کے مطابق پارس اس فیصلے سے ناراض تھے کیونکہ انہیں لگتا تھا کہ چراغ کو ترجیح دے کر بی جے پی نے ان کی سیاسی حیثیت کمزور کی ہے۔
آر ایل جے پی کی پارلیمانی بورڈ میٹنگ میں پارٹی کے چیف ترجمان شروَن اگروال نے اعلان کیا کہ ’’پارلیمانی بورڈ کے چیئرمین اور سابق رکن پارلیمنٹ سورج بھان سنگھ نے واضح کیا ہے کہ ہم چراغ کے تمام امیدواروں کو شکست دینے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’آر ایل جے پی ان تمام نشستوں پر امیدوار کھڑے کرے گی جن پر ایل جے پی (رام ولاس) الیکشن لڑے گی۔‘‘قابلِ ذکر ہے کہ چراغ پاسوان اور پشوپتی پارس دونوں کبھی ایک ہی پارٹی، یعنی آنجہانی رام ولاس پاسوان کی قائم کردہ لوک جن شکتی پارٹی کا حصہ تھے۔ بعد میں اختلافات کے باعث پارٹی دو حصوں میں بٹ گئی۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب چراغ پاسوان، جو حاجی پور سے رکن پارلیمنٹ ہیں، بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ساتھ قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کے تحت ایک ’باعزت سمجھوتے‘ پر گفت و شنید کر رہے ہیں۔ این ڈی اے میں وزیراعلیٰ نتیش کمار کی جنتا دل (یونائیٹڈ)، مرکزی وزیر جیتن رام مانجھی کی ہندوستانی عوام مورچہ اور اپیندر کشواہا کی راشٹریہ لوک مورچہ بھی شامل ہیں۔