ہماچل پردیش میں ہو رہی موسلادھار بارش نے کہرام مچا رکھا ہے۔ ریاست میں چاروں طرف تباہی کا منظر ہے۔ دل دہلا دینے والی تصویریں اور ویڈیوز سامنے آ رہی ہیں۔ کہیں پل بہہ گئے ہیں تو کچھ علاقوں میں سیلاب جیسے حالات ہیں۔ منالی میں بیاس ندی کے کنارے بنی ایک عمارت ندی میں غرق ہو گئی۔ اس واقعہ کی جو خوفناک ویڈیو سامنے آئی ہے اسے دیکھ کر لوگوں کی روح کانپ جائے گی۔ یہ ویڈیو کچھ مقامی لوگوں نے بنائی ہے جس کی تصدیق پولیس نے بھی کی ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ عمارت پلک جھپکتے ہی منہدم ہو گئی اور پانی میں بہہ گئی۔
منڈی میں بھی حالات انتہائی خوفناک ہیں۔ زوردار بارش کے سبب شہر کے کچھ حصوں میں سیلاب کی حالت پیدا ہو گئی ہے۔ منڈی کے تھناگ میں بادل پھٹنے سے اچانک تباہی والے منظر سامنے آ گئے۔ دوسری طرف چمبا ضلع میں گزشتہ دو دنوں سے لگاتار ہو رہی بارش سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہے۔ راوی ندی میں طغیانی بڑھ گئی ہے اور ندی کے پاس واقع کئی گھر ڈوب گئے ہیں۔
اس درمیان ہماچل پردیش کے وزیر اعلیٰ سکھوندر سنگھ سکھو نے کہا ہے کہ ’’میں ریاستی عوام سے پھر گزارش کرتا ہوں کہ آئندہ 24 گھنٹوں تک اپنے گھروں میں رہیں، کیونکہ آنے والے 24 گھنٹوں میں زبردست بارش کا امکان ہے۔ ہم نے اس آفت سے نمٹنے کے لیے 3 ہیلپ لائن نمبر (1100، 1070 اور 1077) جاری کیے ہیں۔ کسی بھی ایمرجنسی حالت میں آپ ان نمبروں پر فون کر سکتے ہیں اور میں بھی 24 گھنٹے آپ کی خدمت کے لیے دستیاب رہوں گا۔‘‘
بلاسپور میں گمبرولا پل کے پاس لینڈ سلائڈنگ سے سڑک پر آمد و رفت متاثر ہوئی ہے۔ ہماچل پردیش کے وزیر جگت سنگھ نیگی نے کہا کہ جس طرح سے بارش ہوئی ہے اس سے بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے۔ خاص کر بنیادی ڈھانچے، سڑک، پانی اور آبپاشی کی سہولیات متاثر ہوئی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی کسانوں کے کھیتوں کے ساتھ ساتھ لوگوں کے گھروں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ این ڈی آر ایف، ایس ڈی آر ایف، مقامی پولیس اور انتظامیہ لوگوں کو بچانے کے لیے پوری طرح سرگرم ہیں۔ گزشتہ تین دنوں میں 9 لوگوں کی جان جا چکی ہے اور مجموعی طور پر تقریباً 250 گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔