اتراکھنڈ میں منگل کی شب سے جاری شدید بارش اور بادل پھٹنے کے بعد حالات نہایت سنگین ہو گئے ہیں۔ مختلف اضلاع میں بارش کے نتیجے میں سیلابی کیفیت، ندیوں کی طغیانی اور مسلسل لینڈسلائیڈ نے عام زندگی کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ ریاستی محکمہ آفت انتظام کے مطابق اب تک 15 افراد کی موت کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ 16 افراد لاپتہ ہیں۔ اس کے علاوہ 900 سے زائد افراد مختلف مقامات پر پھنس گئے تھے جنہیں ریسکیو ٹیموں نے بروقت کارروائی کر کے محفوظ مقام پر پہنچایا۔
سب سے زیادہ تباہی ضلع دہرادون میں دیکھی گئی ہے جہاں 13 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاع ملی ہے۔ نینی تال اور پتھوڑاگڑھ میں ایک ایک شخص کی جان گئی ہے۔ دہرادون کے سہسردھارا، مالدیوتا، سنتلا دیوی اور دالن والا علاقے شدید متاثر ہوئے۔ سہسردھارا میں 192 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ مالدیوتا میں 141.5 ملی میٹر، ہاتھی برکلا اور جولی گرانٹ میں 92.5 ملی میٹر اور کالسی میں 83.5 ملی میٹر بارش درج ہوئی۔
مسلسل بارش اور طغیانی کے سبب دہرادون-مسوری روڈ سمیت کئی اہم سڑکیں بہہ گئیں، متعدد پل ٹوٹ گئے اور آمدورفت کے ذرائع منقطع ہو گئے۔ پولیس نے عوام اور سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ فی الحال اپنی جگہ پر ہی رہیں اور راستے کھلنے تک غیر ضروری سفر نہ کریں۔