نئی دہلی :محکمہ موسمیات کے مطابق آج یعنی یکم مئی کو دہلی-این سی آر، بہار، راجستھان، مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ، اتر پردیش، ہریانہ-پنجاب میں بادلوں کا آنا جانا لگا رہ سکتا ہے۔ اس دوران گرد بھری آندھی کے ساتھ بارش اور بجلی چمکنے کا امکان ہے۔ لہٰذا درجہ حرارت معمول پر رہنے کے ساتھ گرمی سے معمولی راحت مل سکتی ہے۔اتر پردیش میں اگلے پانچ دنوں تک گرمی سے راحت رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے 4 مئی تک ریاست کے مختلف حصوں میں آندھی، آسمانی بجلی گرنے اور ہلکی سے درمیانی بارش کا یلو الرٹ جاری کیا ہے۔ بہار، راجستھان، مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ، دہلی سمیت کئی ریاستوں میں تین دنوں کا یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
اتر پردیش کے جن ضلعوں میں بارش کی پیشن گوئی ہے ان میں وارانسی، چندولی، جونپور، مؤ، بلیا، ایودھیا، بہرائچ، سیتاپور، لکھیم پور کھیری، رام پور، بریلی، گونڈا، ایودھیا، پریاگ راج، اعظم گڑھ اور سون بھدر سمیت تقریباً 30 اضلاع شامل ہیں۔وہیں شمال مشرقی ہند کے اوڈیشہ، مغربی بنگال، انڈمان نکوبار جزائر گروپ، سکم میں گرج اور چمک کے ساتھ آندھی اور بارش کے بعد موسم سہانا ہو سکتا ہے۔ جنوبی ہند کی بات کی جائے تو کیرالہ، تمل ناڈو اور لکش دیپ سمیت کئی حصوں میں درمیانی بارش کا امکان ہے۔ یہ موسمی سرگرمیاں مانسون سے پہلے کے اثر کے طور پر دیکھی جائے گی۔ جس سے لوگوں کو شدید گرمی اور لُو سے کچھ دنوں کے لیے معمولی راحت ملے گی۔