اتر پردیش کے مرزا پور میں جمعرات کی دیر رات ایک دردناک حادثہ پیش آیا ہے۔ بھدوہی ضلع سے بنارس جانے والے 13 لوگوں کو لے کر آر ہے ایک ٹریکٹر کو پیچھے سے بے قابو ٹرک نے زوردار ٹکر مار دی۔ اس حادثہ میں 10 افراد کی موت ہوگئی جبکہ 3 لوگ شدید طور پر زخمی ہیں۔ یہ حادثہ مرزا پور-وارانسی سرحد پر کچھواں اور مرزا مراد کے درمیان جی ٹی روڈ پر ہوا۔ اطلاع ملتے ہی ایس پی ابھینندن اور دیگر افسران فوراً موقع پر پہنچے اور راحت و بچاؤ کام شروع کرتے ہوئے زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرایا۔ معاملے میں ایف آئی آر درج کرکے پولیس آگے کی کارروائی کر رہی ہے۔
مہلوکین کی شناخت بھانو پرتاپ (25 سال)، وکاس کمار (20 سال)، انل کمار (35 سال)، سورج کمار (22 سال)، سنوہر (25 سال)، راکیش کمار (25 سال)، پریم کمار (40 سال)، راہل کمار عرف ٹلّو (26 سال)، نتن کمار (22 سال)، روشن کمار (17 سال) کے طور پر کی گئی ہے۔ زخمیوں میں آکاش کمار (18 سال)، جمنی (26 سال) اور اجئے سروج (50 سال) کے نام شامل ہیں۔