کوالالمپور: سلطان ابراہیم سلطان اسکندر کو ملیشیاکے نئے بادشاہ کے طور پر ہفتہ کو ملائیشیا کے کوالالمپور کے نیشنل پیلس میں منعقدہ ایک شاندار تقریب میں باضابطہ طور پر تاج پہنایا گیا۔تقریب میں وزیر اعظم انور ابراہیم نے ان کی کابینہ کے ارکان کے ساتھ ساتھ برونائی کے سلطان حاجی حسن البولکیہ اور بحرین کے شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ سمیت غیر ملکی معززین اور مہمانوں نے شرکت کی۔ملک بھر میں ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والے اپنے شاہی خطاب میں، سلطان ابراہیم نے عوام اور قوم کے لیے دیانتداری، ایمانداری، انصاف پسندی اور ہمدردی کے ساتھ حکومت کرنے کا عہد کیا۔
انہوں نے کہا کہ "میں اپنے فرائض کو دیانتداری اور ایمانداری سے ادا کروں گا اور ملک کی بھلائی اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے معاشرے کے تمام طبقات کا مکمل خیال رکھتے ہوئے غیر جانبداری سے حکومت کروں گا۔”اس سے قبل تقریب میں وزیراعظم ابراہیم نے سلطان ابراہیم کی تاج پوشی پر عوام کی جانب سے مبارکباد اور وفاداری کے عہد کی تقریر کی اور لوگوں کو یاد دلایا کہ بادشاہ ملک کے تمام نسلی گروہوں کے لیے اتحاد اور خوشحالی کی علامت ہے۔ملائیشیا ایک آئینی بادشاہت ہے، جس میں نو سلطان، یا حکمران ہیں، جو اپنے اپنے سربراہ مملکت ہیں اور مذہبی رہنما کے طور پر کام کرتے ہیں، اور پانچ سالہ مدت کے لیے بادشاہ کے طور پر کام کرتے ہیں۔