حیدرآباد: شہر حیدر آباد میں چائے بنانے سے انکار پر ظالم ساس نے بہوکا قتل کردیا۔ یہ افسوسناک واقعہ حیدر آباد کے علاقہ حسن نگر میں پیش آیا جہاں 28 سالہ اجمیری بیگم کا قتل کردیا گیا۔منصف کی خبر کے مطابق قتل کی واردات کے علاقہ مکینوں میں خوف و ہراس کا ماحول پیدا ہو گیا۔ملزمہ فرزانہ نے اجمیری بیگم کو چائے بنا کر دینے کیلئے کہا تو بہو نے انکار کردیا۔ اس پر دونوں میں سخت جملوں کا تبادلہ ہوا اور بات ہاتھا ہائی تک جا پہنچی۔
فرزانہ نے اجمیری بیگم کا اپنے دوپٹے سے گلا گھونٹ کر مار ڈالا۔ بعدازاں قتل کے بارے میں اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے عثمانیہ اسپتال منتقل کیا۔ پولیس نے قتل کی واردات کا مقدمہ درج کرتے ہوئے معاملہ کی تحقیقات کا آغاز کر دیا، تاہم اب تک ملزمہ فرزانہ کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔اس سے قبل ریاست اتر پردیش میں ایسا ہی ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا جہاں گھر کے کام کرنے سے انکار کرنے پر ساس نے بہو کو گولی مار کر اسے موت کے گھاٹ اتار دیا تھا جبکہ پولیس نے ملزمہ سمیت 3 افراد کو گرفتار کیا تھا۔