مسقط :سلطنت عمان سے مکہ مکرمہ پیدل آنے والے سیاح عبداللہ الکثیری کا سعودی عرب پہنچنے پر بھرپور استقبال کیا گیا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے 2500 کلومیٹر پیدل سفر کرنے والے سیاح کا کہنا تھا کہ ’مقدس سرزمین پر پہنچ کر سفر کی تمام تھکاوٹیں دور ہو گئیں۔عمانی شہری نے بتایا کہ انہوں نے قافلوں کے ہمراہ طویل سفر کرنے والے اپنے اابا و اجداد کی روایت اور نوجوانوں کو ورزش کی جانب راغب کرنے کے لیے پیدل سفر کیا۔ان کا کہنا تھا کہ روزانہ 5 سے 7 کلومیٹر چلنا صحت کے لیے مفید ہوتا ہے۔ انسان پرعزم ہو تو وہ ناممکن کو بھی ممکن بنا دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہاپنے سفر کا آغاز صلالہ میں سلطان قابوس کلچر اینڈ انٹرٹینمنٹ سنٹر سے کیا۔ بعد ازاں وہ یمن سے ہوتے ہوئے ودیعہ چوکی کے ذریعے مملکت میں داخل ہوئے۔شرورہ کے رہائشیوں نے احترام کے ساتھ خیرمقدم کیا پھر عسیر اور باحہ ریجنز سے ہوتے ہوئے مقدس سرزمین پر پہنچے۔عبداللہ الکثیری کا کہنا تھا مملکت کے صحرائی علاقوں میں موسم کی تبدیلی سے انہیں پیدل سفر میں دشواری ہوئی تاہم موسم کے علاوہ کوئی خطرہ پیش نہیں آیا۔مملکت میں داخل ہونے سے حجاز پہنچنے تک روڈ سیفٹی کی سپیشل فورسز ہمراہ رہیں۔عبداللہ الکثیری کا کہنا تھا اب وہ عمان واپسی کیلئے پیدل سفر نہیں کریں گے بلکہ ہوائی جہاز سے جائیں گے۔