پٹنہ: ریاست بہار کے حاجی پور علاقہ میں اتوار کی دیر شب کانوڑیوں کے ایک گروپ کے ساتھ انتہائی اندوہناک حادثہ پیش آیا جس میں 9 کانوڑیوں کی موت واقع ہو گئی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ کانوڑیوں کا یہ گروپ ڈی جے سسٹم کے ساتھ ’جلابھشیک‘ کرنے جا رہا تھا، تبھی راستے میں ڈی جے سسٹم 11 ہزار وولٹ کے ایک تار سے ٹکرا گیا جس سے ڈی جے ٹرالی نے آگ پکڑ لی۔ اس کی زد میں آنے سے 9 کانوڑیوں کی موت ہو گئی ہے اور کچھ دیگر زخمی بھی ہوئے ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ حاجی پور کے انڈسٹریل تھانہ حلقہ واقع سلطان پور گاؤں میں پیش آیا۔ حادثہ کی خبر ملنے کے بعد جائے وقوع پر کئی سینئر افسران، پولیس، ایمبولنس اور فائر بریگیڈ کی ٹیم پہنچی۔ بتایا جاتا ہے کہ سبھی کانوڑیے پہلیجا گھاٹ سے گنگا جل لے کر بابا ہریناتھ مندر جانے والے تھے اور ساون کی تیسری سومواری پر 5 اگست کو جلابھشیک کرنے کا ارادہ تھا۔ راستہ میں ہی یہ حادثہ پیش آیا جس نے ایک افرا تفری کا عالم پیدا کر دیا۔ حادثہ میں زخمی ہوئے لوگوں کو حاجی پور صدر اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔