روس کا یوکرین کے مختلف شہروں میں حملہ رہ رہ کر جاری ہے۔ گزشتہ 15 ماہ سے جاری اس جنگ میں یوکرین کی حالت خستہ ہو گئی ہے، لیکن روس کو بھی خاطر خواہ نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اس طویل جنگ کے بعد نہ تو جنگ میں کسی کی جیت یا ہار ہوئی ہے، اور نہ ہی یہ اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ جنگ کب ختم ہوگی۔ اس درمیان ایک بڑی خبر سامنے آ رہی ہے۔ ایک اسٹڈی میں انکشاف کیا گیا ہے کہ تقریباً 500 دنوں کی اس جنگ میں روس کے 50 ہزار فوجیوں کی موت ہو چکی ہے۔
واضح رہے کہ 24 فروری 2022 کو روس اور یوکرین کے درمیان جنگ کی شروعات ہوئی تھی جو اب تک جاری ہے۔ گزشتہ 8 جولائی کو یوکرین جنگ کے 500 دن پورے ہو گئے تھے۔ اس تعلق سے دو روسی میڈیا آؤٹ لیٹس (میڈیازونا اور میڈوزا) نے جرمنی یونیورسٹی کے ڈاٹا سائنٹسٹ کے ساتھ مل کر ایک اسٹڈی کی۔ اس اسٹڈی کے مطابق یوکرین جنگ میں اب تک 50 ہزار روسی فوجی مارے گئے ہیں۔ حالانکہ روس کا کہنا ہے کہ اس جنگ میں اس کے صرف 6000 فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔
بہرحال، نئی اسٹڈی میں بتایا گیا ہے کہ یوکرین جنگ میں مئی 2023 تک 47 ہزار روسی فوجی مارے گئے۔ اسٹڈی کے مطابق گزشتہ سال یعنی 2022 میں ہی 25 ہزار روسی فوجیوں کی موت ہو گئی تھی۔ اس میں الگ الگ عمر کے لوگ شامل تھے۔ غور کرنے والی بات یہ ہے کہ اکثر روس-یوکرین جنگ کو لے کر الگ الگ رپورٹس میں مہلوکین کے الگ الگ اعداد و شمار سامنے آتے رہے ہیں۔ روسی میڈیا آؤٹ لیٹ میڈیازونا اور بی بی سی رشین سروس کا کہنا ہے کہ 2022 اور 2023 کے درمیان 27423 روسی فوجیوں کی موت ہوئی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ روس نے میڈیازونا کو غیر ملکی ایجنٹ بتایا ہوا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ یوکرین کی وزارت خارجہ نے 10 جولائی 2023 کو دعویٰ کیا تھا کہ اس جنگ میں 2 لاکھ 34 ہزار روسی فوجیوں کی موت ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ وزارت نے جنگ میں روس کے تباہ اسلحوں کی تعداد بھی جاری کی تھی۔ دی گئی جانکاری کے مطابق اس جنگ کے دوران روس کے 315 ایئرکرافٹ، 309 ہیلی کاپٹر، 4085 ٹینکس، 18 بوٹس، 7966 آرمی وہیکل، 4371 آرٹیلری سسٹم، 668 ایم ایل آر ایس، 414 اینٹی ایئرکرافٹ وارفیئر سسٹم، 1271 کروز میزائل شامل ہیں۔