نوئیڈا پولیس نے ایف آئی آئی ٹی جے ای ای (FIITJEE) کے الگ الگ بینکوں میں کھلے 300 کھاتوں کو منجمد کر دیا ہے۔ یہ کارروائی فیس لینے کے بعد کورس پورا کرائے بغیر کوچنگ سینٹر بند کرنے کے معاملے میں کی گئی ہے۔ صرف آئی سی آئی سی آئی بینک میں ملے 205 بینک کھاتوں میں ہی 60 لاکھ روپے منجمد کرائے گئے ہیں۔ وہیں نوٹس ملنے کے بعد 31 ٹیچروں نے پولیس کو جواب بھیجے ہیں، لیکن ادارے کے مالک نے کسی بھی طرح کا کوئی جواب نہیں دیا ہے۔
اس معاملے میں طلبا اور ان کے سرپرست ڈی سی پی نوئیڈا سے بھی ملے تھے۔ اس کے بعد گزشتہ دنوں سیکٹر-58 تھانے میں گور سیٹی رہائشی ستسنگ کمار کی شکایت پر ‘فٹ جی’ کے ایم ڈی دنیش کمار گوئل، سیکٹر-62 سینٹر کے ہیڈ رمیش پارتھ ہلدر، مونیکا، راجیو ہلدر، سادھو رام بنسل، رستم دِنشا باٹلی والا، ششی کانت دوبے، موہت سردانا، آنند رمن پی کے علاوہ دیگر لوگوں کے خلاف شکایت درج ہوئی تھی۔
ستسنگ کمار نے شکایت میں کہا ہے کہ انہوں نے اپنے بچوں کا داخلہ جے ای ای کی تیاری کے لیے کوچنگ سینٹر میں کرایا تھا لیکن بغیر اطلاع دیے سینٹر بند کر دیا گیا۔ انسٹی چیوٹ نے فیس کی رقم بھی واپس نہیں کی، اس کی وجہ سے بچوں کا مستقبل تاریکی میں چلا گیا ہے۔
ڈی سی پی رام بدن سنگھ نے بتایا کہ اس ادارے کے 300 سے زائد بینک کھاتے منجمد کرائے گئے ہیں۔ دیگر کھاتوں کے بارے میں بھی معلومات یکجا کی جا رہی ہے۔ 205 بینک کھاتوں میں 60 لاکھ روپے منجمد کرائے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ ‘فٹزی’ کے مالک دنیش گوئل کو پوچھ تاچھ کے لیے نوٹس بھیج کر تھانے پر طلب کیا گیا ہے، لیکن ان کا کوئی جواب نہیں آیا ہے۔