ممبئی :مبینہ انسانی اسمگلنگ کے سبب ایک چارٹرفلائٹ کو فرانس سے ہندوستان واپس بھیج دیاگیا۔ منگل کی صبح ممبئی کے ہوائی اڈے پر 276 مسافروں کو لے کر یہ فلائٹ لینڈ ہوئی۔ یہ طیارہ چار دنوں سے فرانس میں پھنسا ہوا تھا۔ ایک اہلکار نے بتایا کہ طیارہ (ایئر بس اے 340) صبح 4 بجے کے قریب ممبئی پہنچا۔ طیارے نے پیرس کے قریب ویٹری ہوائی اڈے سے مقامی وقت کے مطابق دوپہر ڈھائی بجے کے قریب اڑان بھری۔
فرانسیسی حکام کے مطابق جب طیارے نے ممبئی کے لیے ٹیک آف کیا تو اس میں 276 مسافر سوار تھے۔ اس کے ساتھ ہی دو نابالغ افراد سمیت 25 افراد نے فرانس میں سیاسی پناہ کی درخواست دینے کی خواہش ظاہر کی تھی، اس لیے وہ فرانس میں ہی رہ گئے ہیں۔ فرانسیسی میڈیا کے مطابق طیارے کوفرانس میں روکنے کے بعد دو افراد کو حراست میں لے کر عدالت میں پیش کیا گیا۔ اس کے بعد دونوں کو رہا کر دیا گیا۔ جب طیارہ ویٹری ہوائی اڈے پر اترا تو اس میں سوار 303 ہندوستانی مسافروں میں 11 نابالغ بچے بھی شامل تھے۔
پیرس کے پبلک پراسیکیوٹر نے کہا کہ حکام نے انسانی سمگلنگ کی گمنام اطلاع کے بعد سخت کارروائی کی اور پرواز کو روک دیا۔ خبر کے مطابق پرواز کے کچھ مسافر ’انسانی سمگلنگ کا شکار‘ تھے۔ بھارت کو جہاز میں سوار لوگوں تک پہنچنے کے لیے قونصلر رسائی دی گئی۔ حکام نے جائے حادثہ پر پہنچ کر تحقیقات کی اور مسافروں کی خیریت دریافت کی ۔