جے پور:راجستھان میں ایک خاتون کواس کے شوہر اورسسرال والوں کے ذریعے برہنہ گھمانے کا انتہائی شرمناک معاملہ سامنے آیا ہے ۔پولیس نے بتایا کہایک دوسرے مرد کے ساتھ رہنے سے ناراض ہو کر خاتون کے سسرال والے اسے اغوا کر کے اپنے گاؤں لے گئے اوراس شرمناک واقعے کو انجام دیا ۔اس واقعے نے منی پور کی یاد تازہ کردی ہے جہاں تشدد پسندوں نے خواتین کے ساتھ اسی طرح کا برتائو کیا تھا ۔
پولیس ذرائع کے مطابق راجستھان کے پرتاپ گڑھ ضلع میںدھاریواڑتھانے کے تحت واقع ایک گاؤں میں 21 سالہ قبائلی خاتون کو مبینہ طور پر برہنہ کرکے گھمانے کے الزام میں سات افراد کو گرفتار کیا گیا ہےجبکہ چار دیگرکو حراست میں رکھا گیا ہے۔ پرتاپ گڑھ ضلع کے پولیس سپرنٹنڈنٹ امیت کمار نے کہاکہ "ہم نے ملزم کے شوہر سمیت سات افراد کو گرفتار کیا ہے، اور چار دیگر کو اس سلسلے میں حراست میں رکھا گیاہے۔
میڈیا کی خبروں کے مطابق خاتون کے ساتھ اس درندگی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس حرکت میں آئی۔دھاریواڑ پولیس اسٹیشن انچارج پشاور خان کے مطابق یہ واقعہ جمعرات کو پیش آیا۔ اس معاملے میں فوری کارروائی کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے پولیس کے ڈائریکٹر جنرل امیش مشرا کو کارروائی کرنے کی ہدایت دی۔ جے پور کے اے ڈی جی دنیش ایم این کو جمعہ کی رات دیر گئے پرتاپ گڑھ بھیجا گیا۔کیمرے میں قید ہونے والے اس واقعے کی مختلف تمامسیاسی رہنماؤں نے پُر زور مذمت کی ہے ۔امید ہے کہ وزیر اعلی اشوک گہلوت پرتاپ گڑھ کے دھاریواڑ میں متاثرہ خاتون اور اس کے اہل خانہ سے ملاقات کریں گے۔