کاٹھمنڈو: نیپال کی راجدھانی کاٹھمنڈو کے تریبھون بین الاقوامی ہوائی اڈے پر آج صبح طیارہ رن وے پرپھسل جانے سے پیش آنے والے حادثے میں 18 لوگوں کی موت ہونے کی اطلاع ہے میڈیا رپورٹ کے مطابق شوریہ ایئر لائنز کا طیارہ کاٹھمنڈو سے پوکھرا کے لیے اڑان بھر رہا تھا۔ طیارے میں پائلٹ سمیت 19 افراد سوار تھے جن میں سے زیادہ تر ایئر لائن کا ٹیکنیکل عملہ تھا میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ مقامی وقت کے مطابق رات گیارہ بجے طیارہ ٹیک آف کے لیے رن وے پر آیا، جیسے ہی طیارے نے رفتار پکڑی وہ اچانک ایک طرف جھک گیا اور اس کا بازو زمین سے ٹکرا گیا اور اس کے ساتھ ہی طیارے میں آگ لگ گئی۔
تیز رفتار طیارہ آگ کے شعلوں میں لپٹا ہوا رن وے سے پھسل کر دائیں جانب کھائی میں جا گرا۔ حادثے کے فورا بعد ایئرپورٹ پر موجود فائر انجن نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پالیا۔ طیارے کے کپتان منیش شاکیا کو زخمی حالت میں باہر نکال کر علاج کے لیے اسپتال لے جایا گیا۔ ٹی آئی اے کے ترجمان سبھاش جھا نے تصدیق کی کہ جائے حادثہ سے 18 لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔