نئی دہلی :انڈین کوسٹ گارڈ نے گجرات کے ساحل سے دور بین الاقوامی میری ٹائم بارڈر لائن کے قریب 14 پاکستانی شہریوں کو تقریباً 80 کلو منشیات کے ساتھ گرفتار کیا ہے۔ یہ کارروائی نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) اور گجرات اے ٹی ایس نے مشترکہ طور پر کی ہے۔ خفیہ معلومات کی بنیاد پر گزشتہ کئی دنوں سے ایجنسیوں کی جانب سے یہ آپریشن چلایا جا رہا تھا۔انڈین کوسٹ گارڈ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر پوسٹ کرتے ہوئے معلومات شیئر کی ہے۔ پوسٹ میں بتایا گیا ہے کہ گجرات اے ٹی ایس اور این سی بی کی جانب سے سمندر میں رات بھر کارروائی کی گئی جس میں ایک پاکستانی کشتی مغربی بحیرہ عرب میں پکڑی گئی ہے۔ اس کشتی میں عملے کے 14 پاکستانی ارکان سوار تھے۔ ان کے قبضے سے 80 کلو منشیات ضبط کی گئی ہے جس کی قیمت تقریباً 600 کروڑ روپے بتائی جا رہی ہے۔