نئی دہلی :سال 2021 کے درمیان فلموں میں بہترین کارکردگی کے لیے 69ویں نیشنل فلم ایوارڈ کا اعلان رواں سال 24 اگست کو کیا گیا تھا۔ کل اس ایوارڈ کو انعام یافتگان کے حوالے کیا گیا۔ 69ویں نیشنل فلم ایوارڈ تقریب کا انعقاد آج دہلی کے وِگیان بھون میں ہوا جہاں صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے ایوارڈ جیتنے والی ہستیوں کو ایوارڈ پیش کیا۔اس تقریب میں مشہور و معروف اداکارہ وحیدہ رحمن کو ’دادا صاحب پھالکے ایوارڈ‘ سے نوازا گیا۔ جب انھیں ایوارڈ پیش کیا جا رہا تھا تو وہ انتہائی جذباتی ہو گئیں۔ ان کے نام کا اعلان ہونے کے ساتھ ہی ہال میں موجود سبھی لوگوں نے انھیں کھڑے ہو کر اعزاز بخشا اور تالیوں سے ان کا استقبال کیا۔ یہ دیکھ کر وحیدہ رحمن کی آنکھوں میں آنسو چھلک آئے۔ انھوں نے اس ایوارڈ کو حاصل کر اپنی خوشی کا بھی اظہار کیا اور شکریہ کے الفاظ کہے۔
انعامی تقریب کے دوران بالی ووڈ اداکارہ عالیہ بھٹ کو ’گنگوبائی کاٹھیاواڑی‘ اور کیرتی سینن کو فلم ’ممی‘ کے لیے بہترین اداکارہ کا ایوارڈ ملا۔ جنوبی ہند کے سپراسٹار اَلو ارجن کو فلم ’پشپا: دی رائز‘ کے لیے بہترین اداکار کا ایوارڈ دیا گیا۔ آر. مادھون کی فلم ’راکٹری: دی نمبی افیکٹ‘ کو بیسٹ فیچر فلم کے لیے اعزاز بخشا گیا۔ ’دی کشمیر فائلز‘ کو نرگس دَت ایوارڈ سے نوازا گیا۔قابل ذکر ہے کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے 69ویں نیشنل فلم ایوارڈس کی انعامی تقریب کا انعقاد ایک سال تاخیر سے ہوا۔ آج منعقد انعامی تقریب میں عالیہ بھٹ اپنے شوہر رنبیر کپور کے ساتھ دہلی پہنچی تھیں۔ تقریب میں وہ سبیاساچی کی ڈیزائنر ساڑی پہنے ہوئی نظر آئیں۔ یہی ساڑی انھوں نے اپنی شادی کے دن بھی پہنی تھی۔ جب عالیہ بھٹ کو صدر مرمو ایوارڈ پیش کر رہی تھیں تو رنبیر کپور اپنے موبائل سے ویڈیو بناتے ہوئے نظر آئے۔ ایوارڈ ملنے کے تعلق سے عالیہ بھٹ نے کہا کہ ’’میں بہت اچھا محسوس کر رہی ہوں۔ فلم ’گنگوبائی کاٹھیاواڑی‘ کے لیے میں سنجے لیلا بھنسالی کا شکریہ ادا کرتی ہوں جنھوں نے مجھے ایسا کردار نبھانے کا موقع دیا۔
عالیہ بھٹ کے ساتھ ساتھ بہترین اداکارہ کا اعزاز حاصل کرنے والی کیرتی سینن بھی نیشنل ایوارڈ لینے تقریب میں پہنچی تھیں۔ انھوں نے کہا کہ ’’اپنے کیریر کے دس سالوں میں ہی یہ ایوارڈ اپنے نام کر لینا میرے لیے بڑی کامیابی ہے۔ میں خوش نصیب ہوں کہ مجھے ’ممی‘ جیسی فلم میں کام کرنے کا موقع ملا۔‘‘ انھوں نے ساتھ ہی کہا کہ ’’ڈائریکٹر لکشمن اتیکر نے فلم بناتے وقت ہی کہا تھا کہ یہ فلم نیشنل ایوارڈ جیتے گی۔اَلو ارجن جب ایوارڈ لینے پہنچے تو انھوں نے ریڈ کارپیٹ پر ’جھکے گا نہیں سالا…‘ والا اسٹیپ کر کے بھی دکھایا۔ اَلو کے ساتھ اس تقریب میں ان کی شریک حیات بھی پہنچی تھیں۔ اس موقع پر اَلو نے کہا کہ ’’یہ ایوارڈ جیت کر میں بہت خوش ہوں۔ میرے لیے یہ دوگنی خوشی کا موقع ہے کیونکہ میری فلم کاروباری طور پر بھی کامیاب رہی ہے۔