کولکتہ :ترنمول کانگریس کے سینئر لیڈر اور رکن پارلیمنٹ ڈیرک او برائن نے کہا ہے کہ پارٹی چاہتی ہے کہ لوک سبھا انتخابات کی نگرانی سپریم کورٹ کرے کیونکہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی چالیں الیکشن کمیشن جیسے اداروں کو تباہ کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ کیا بی جے پی عوام کا سامنا کرنے سے اتنی ڈرتی ہے کہ وہ الیکشن کمیشن کو اپنی پارٹی کے دفتر میں تبدیل کر رہی ہے؟او برائن نے کہا ہے ’’منتخب ریاستی حکومت کے افسران کے تبادلے، آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے لیے ہم سپریم کورٹ کی نگرانی میں 2024 کے انتخابات چاہتے ہیں۔‘‘ ای سی آئی نے مغربی بنگال کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی) راجیو کمار کو ہٹانے اور وویک سہائے کی تقرری کے لیے کہا ہے، جنہیں کمیشن نے ایک بار معطل کر دیا تھا۔‘‘ ٹی ایم سی نے بی جے پی پر آئینی اداروں کو کنٹرول کرنے کا الزام لگایا ہے۔ الیکشن کمیشن کے فیصلے کی وجہ سے حکمراں ٹی ایم سی اور اپوزیشن بی جے پی کے درمیان سیاسی الزامات کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ بی جے پی نے الکیشن کمیشن کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔