نئی دہلی: وقف (ترمیمی) بل 2024 پر مشترکہ پارلیمانی کمیٹی (جے پی سی) 26 ستمبر سے یکم اکتوبر کے درمیان پانچ ریاستوں میں منعقدہ اجلاسوں کے درمیان غیر رسمی بحث کرے گی۔ اس دوران وقف قانون میں تجویز کردہ تبدیلیوں کو آسان بنانے کے لئے مختلف اسٹیک ہولڈرز کو شامل کیا جائے گا۔خیال رہے کہ وقف قانون ملک بھر میں رجسٹرڈ وقف املاک کے انتظام کو کنٹرول کرتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق پہلا اجلاس 26 ستمبر کو ممبئی میں منعقد ہوگا، جس میں مہاراشٹر حکومت، اقلیتی امور کی وزارت اور مہاراشٹر وقف بورڈ کے نمائندے شامل ہوں گے۔ یہ ابتدائی اجلاس وقف املاک کے انتظام میں شفافیت، مؤثریت اور بااختیاری جیسے اہم مسائل پر توجہ مرکوز کرے گی۔
مشترکہ پارلیمانی کمیٹی اگلے دن 27 ستمبر کو احمد آباد، گجرات میں مشاورت کرے گی، جس میں گجرات حکومت، گجرات وقف بورڈ اور دیگر متعلقہ فریقوں کے نمائندے شامل ہوں گے۔ سرکاری اہلکاروں کے علاوہ، بار کونسل، وکلاء اور متولیوں کے قانونی پیشہ ور اس بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کریں گے کہ تجویز کردہ اصلاحات ریاست میں وقف املاک کے انتظام پر کس طرح اثر انداز ہو سکتی ہیں۔
جے پی سی اس کے بعد 28 ستمبر کو حیدرآباد جائے گی، جہاں کئی اہم وقف املاک موجود ہیں۔ حیدرآباد میں ہونے والی گفتگو میں آندھرا پردیش اور تلنگانہ کے وقف بورڈ کے نمائندے بھی شامل ہوں گے، جبکہ چھتیس گڑھ وقف بورڈ بھی ان مذاکرات میں حصہ لے گا۔ اس کے بعد، 30 ستمبر کو جے پی سی مشاورت کے لیے چنئی، تمل نادو جائے گی اور پھر یکم اکتوبر کو بنگلور، کرناٹک میں بحث کرے گی۔