نئی دہلی: کانگریس پارلیمانی پارٹی کی صدر سونیا گاندھی اور کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے ہفتہ کی صبح نئی دہلی سیٹ کے ایک پولنگ بوتھ پر اپنا ووٹ ڈالا۔ ووٹ ڈالنے کے بعد راہل گاندھی نے اپنی ماں سونیا گاندھی کے ساتھ سیلفی بھی کلک کی۔اس بار کانگریس اور عام آدمی پارٹی اتحاد میں ہیں اور نئی دہلی پارلیمانی حلقہ عآپ کے حق میں گیا ہے۔ یہاں عام آدمی پارٹی کے امیدوار سومناتھ بھارتی میدان میں ہیں۔ ان کے مقابلے میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی امیدوار بنسوری سوراج ہیں۔
راہل اور سونیا ایک ساتھ ووٹ ڈالنے آئے تھے۔ پرینکا گاندھی واڈرا اور ان کے بچوں نے بھی ووٹ ڈالا۔ ووٹنگ کے بعد، کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے یقین ظاہر کیا کہ انڈیا اتحاد ان لوک سبھا انتخابات میں کامیابی حاصل کرے گا۔ پرینکا گاندھی نے کہا کہ موجودہ لوک سبھا انتخابات کے دوران ملک بھر میں بے روزگاری اور بڑھتی مہنگائی اہم ترین مسائل ہیں۔