بہار اسمبلی انتخابات کے دوسرے اور آخری مرحلے کی ووٹنگ جاری ہے۔ صبح 7 بجے شروع ہونے والا عمل شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔ اس مرحلے میں 122 اسمبلی نشستوں پر ووٹ ڈالے جا رہے ہیں، جہاں 3 کروڑ 70 لاکھ سے زائد ووٹر کل 1302 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کریں گے۔ ان امیدواروں میں وزیراعلیٰ نتیش کمار کی حکومت کے چھ سے زیادہ وزراء بھی شامل ہیں جن کی ساکھ داؤ پر لگی ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق، اس مرحلے میں 45 ہزار 399 پولنگ مراکز قائم کیے گئے ہیں جن میں سے 40 ہزار 73 دیہی علاقوں میں واقع ہیں۔ کل ووٹروں میں 1.75 کروڑ خواتین شامل ہیں۔ نوادہ کی ہسوا نشست پر سب سے زیادہ 3.67 لاکھ ووٹر ہیں، جبکہ لوریہ، چنپٹیا، رکسول، تریونی گنج، سُگولی اور بنمکی میں امیدواروں کی تعداد سب سے زیادہ 22-22 ہے۔
پہلے مرحلے میں 121 نشستوں پر پولنگ ہوئی تھی، جس میں 65 فیصد سے زیادہ ووٹ ڈالے گئے تھے۔ دوسرے مرحلے کی ووٹنگ بنیادی طور پر سیمانچل اور ترائی کے علاقوں میں ہو رہی ہے، جن میں مغربی چمپارن، مشرقی چمپارن، سیتامڑھی، مدھوبنی، سپول، ارریہ اور کشن گنج جیسے اضلاع شامل ہیں۔ یہ تمام علاقے نیپال کی سرحد سے متصل ہیں، جہاں ووٹروں کی حفاظت کو مدِنظر رکھتے ہوئے چار لاکھ سے زائد سکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔













