نئی دہلی :پاکستان میں برطانیہ کی ہائی کمشنر جین میریٹ کے مقبوضہ کشمیر کے دورہ پر ہندوستان نے سخت ناراضگی ظاہر کی ہے ۔ اس سلسلے میں ہندوستانی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہندوستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کی اس طرح خلاف ورزی ناقابل قبول ہے۔ اس معاملے میں خارجہ سکریٹری نے ہندوستان میں برٹش ہائی کمشنر کے سامنے سخت احتجاج بھی درج کرایا ہے۔ خارجہ سکریٹری کے مطابق مرکز کے زیر انتظام خطہ جموں و کشمیر اور لداخ ہندوستان کا اٹوٹ حصہ ہیں اور رہیں گے۔
قابل ذکر ہے کہ پاکستان میں برطانیہ کی ہائی کمشنر جین میریٹ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر 10 جنوری کو ایک پوسٹ کیا جس میں میرپور کے دورہ کی کئی تصویریں شیئر کی گئی تھیں۔ ان تصویروں کے ساتھ انھوں نے لکھا تھا کہ میرپور سے سلام، برطانیہ اور پاکستان کے لوگوں کے درمیان تعلقات کا دِل! 70 فیصد برٹش پاکستانی بنیادی طور سے میر پور سے تعلق رکھتے ہیں، جس سے ہم سبھی کا ساتھ مل کر کام کرنا مہاجر مفادات کیلئے اہم ہے۔ انہوں نے مہمان نوازی کیلئے شکریہ بھی ادا کیاہے۔