ممبئی: این سی پی میں بغاوت کے بعد مہاراشٹر کی سیاست میں اتھل پتھل جاری ہے۔ دریں اثنا، این سی پی سے بغاوت کر مہاراٹر کی این ڈی اے حکومت میں شامل ہونے والے اجیت پوار کے ارکان اسمبلی شرد پوار سے ملاقات کے لیے پہنچ گئے۔ این سی پی کے سربراہ شرد پوار سے ملاقات کے لیے پہنچنے والے ارکان اسمبلی میں پرفل پٹیل، حسن مشرف اور دلیپ ولسے پاٹل شامل ہیں اور ملاقات ممبئی کے وائی بی چوہان سینٹر میں ہوئی۔
اس سے پہلے اجیت پوار ممبئی میں اپنے چچا اور این ایس پی صدر شرد پوار کے گھر پہنچے تھے۔ گھر سے نکلنے کے بعد انہوں نے کہا کہ وہ چچی پرتیبھا پوار کا حال جاننے گئے تھے۔ حال ہی میں پرتیبھا پوار کے ہاتھ کی ایک نجی اسپتال میں سرجری ہوئی ہے۔
اجیت پوار نے کہا کہ سیاست الگ ہے، خاندان ہمیشہ پہلے آتا ہے۔ میں نے اپنے ضمیر کی بات سنی اور چچی کی خیریت دریافت کرنے چلا گیا۔ این سی پی سے علیحدگی اور شیوسینا- بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت میں دوسرے نائب وزیر اعلی کے طور پر شامل ہونے کے 15 دن بعد شرد پوار کے ساتھ یہ ان کی پہلی ملاقات تھی، جس سے سیاسی حلقوں میں کافی دلچسپی پیدا ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ انہوں نے اپنے چچا اور چچازاد بہن، بارامتی کی ایم پی سپریا سولے سے انتہائی خوشگوار ماحول میں ملاقات کی۔ تمام سیاسی افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے جمعہ کو دیر گئے کہا تھا کہ اجیت پوار اپنے خاندان سے ملنے گئے تھے۔