نئی دہلی : رشوت لے کر سوال پوچھنے کے معاملے میںترنمول کانگریس کی لوک سبھا رکن مہوا موئترا کے خلاف اخلاقیات کمیٹی کی رپورٹ کو لوک سبھا نے آج منظوری دے دی ،اس رپورت میں مہوا موئترا کی لوک سباھ رکنیت منسوخ کرنے کی سفارش کی گئی تھی۔آدھے گھنٹے کی بحث کے بعد لوک سبھا سے اخلاقیات کمیٹی کی رپورٹ کو منظوری ملی۔ مہوا موئترا کی رکنیت منسوخ کرنے سے متعلق تجویز کو پارلیمانی امور کے وزیر پرہلاد جوشی نے منظوری فراہم کی۔ لوک سبھا اسپیکر نے اس معاملے پر کہا کہ مہوا کا رویہ غیر اخلاقی ہے، انھیں اس طرح کا عمل انجام نہیں دینا چاہیے تھا۔
اپنی پارلیمانی رکنیت منسوخ کیے جانے پر مہوا موئترا نے سخت رد عمل کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’کسی طرح کی رقم یا تحفہ لینے کا کوئی ثبوت موجود نہیں ہے۔ اخلاقیات کمیٹی اس معاملے کی جانچ کی تہہ تک بھی نہیں گئی۔ انھوں نے مزید کہا کہ ’’مودی حکومت کو لگتا ہے کہ مجھے خاموش کرا کر وہ اڈانی کے ایشو سے دھیان بھٹکا دے گی، لیکن ایسا نہیں ہو پائے گا۔