اتر پردیش میں سہارنپور کے رامپور منیہارن تھانہ حلقہ میں منگل کو دہرادون-انبالہ قومی شاہراہ پر خوفناک حادثہ پیش آیا جس میں ایک کار آگ کی نذر ہو گئی۔ اس حادثہ کی زد میں آنے سے ایک ہی کنبہ کے چار لوگوں کی زندہ جل کر موت ہو گئی۔ مہلوکین کی شناخت امیش گویل (70 سال)، سنیتا گویل (65 سال)، امریش جندل (55 سال) اور گیتا جندل (50 سال) کی شکل میں ہوئی ہے۔ سبھی ہریدوار کے 96-بسنت وِہار، جوالاپور کے رہنے والے تھے۔
سہارنپور کے سٹی پولیس سپرنٹنڈنٹ ابھمنیو مانگلک نے بتایا کہ صبح 11.30 بجے حادثے کے بعد ایک آلٹو کار میں آگ لگنے کی خبر ملی۔ فوراً فائر بریگیڈ اور مقامی پولیس اہلکار جائے حادثہ پر پہنچے اور آگ پر قابو پا لیا گیا۔ حادثے کے وقت کار میں دو خاتون سمیت 4 لوگ سوار تھے اور ان سبھی کی موت ہو گئی۔
پولیس نے بتایا کہ امیش گویل اپنی فیملی کے ساتھ ہریدوار سے ہریانہ اپنی بہن کے گھر جا رہے تھے۔ حادثہ رامپور منیہارن تھانہ کے تحت قومی شاہراہ 344 کے چنیٹی پھاٹک کے پاس بنے پل پر ہوا۔ ایک ٹرک نے کار کو اوورٹیک کرتے وقت پیچھے سے ٹکر مار دی جس سے کار ہائیوے پر بنے ڈیوائیڈر سے جا ٹکرائی اور اس میں آگ لگ گئی۔
حادثے میں امیش گویل، سنیتا گویل، امریش جندل اور گیتا جندل چاروں کی ہی سڑک پر ہی موت ہو گئی۔ پولیس نے مہلوکین کے اہل خانہ کو حادثہ کی اطلاع دے دی ہے۔ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ضلع اسپتال بھیجا گیا ہے۔ ٹرک میں سوار دو لوگوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور ٹرک کو بھی قبضے میں لیے جانے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔