پٹنہ :ملک کی راجدھانی دہلی میں یوم اساتذہ کے موقع پراس سال بہار کے تین اساتذہ کوصدر جمہوریہ دروپدی مرمو کے ہاتھوں نیشنل ٹیچر ایوارڈ سے نوازا گیا۔ان میں کیمور کے رام گڑھ آدرش گرلز ہائر سیکنڈری اسکول کے پرنسپل انیل سنگھ، این ایس مدھوبن ،بنگائوں بازار،سیتامڑھی کے استادڈی ویجندر کما راور ہائی اسکول سنگھیا ،کشن گنج کی ٹیچر کماری گڈی شامل ہیں ۔
کیمور کے استاد انیل سنگھ کو صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کے ہاتھوں نیشنل ٹیچر ایوارڈ 24 ویں نمبر پر دیا گیا۔ضلع کے رام گڑھ آدرش گرلز ہائر سیکنڈری اسکول کے پرنسپل انیل سنگھ کو قومی تعلیمی ایوارڈ ملا ہے۔ کیمور کے رام گڑھ کو مسلسل نیشنل ایجوکیشن ایوارڈ ملنے سے لوگ بہت خوش ہیں۔سچ کہا گیا ہے کہ اگر کوئی شخص کسی بھی شعبے میں اپنی صلاحیتوں کو جذبے کے ساتھ استعمال کرے تو اسے کامیابی ضرور ملتی ہے، رام گڑھ کے استاد انیل سنگھ نے یہ کر دکھایاہے۔رام گڑھ کو دوسری بار نیشنل ٹیچر ایوارڈ کے لیے کامیابی ملنے کے بعد علاقے میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ وہ بھی ایک سال کے وقفے کے بعد رام گڑھ کو ایک اور بڑی کامیابی ملی ہے۔
واضح ہو کہ نیشنل ٹیچر ایوارڈ کے لیے اس بار بہار سے جن تین اساتذہ کو منتخب کیا گیا ہے، ان میں رام گڑھ آدرش گرلز ہائر سیکنڈری اسکول کے ایچ ایم انیل کمار سنگھ کو دوبارہ منتخب کیا گیا ہے۔ اس زمرے میں جگہ بنانے والے شاہ آباد کے انیل واحد استاد ہیں۔پچھلے سال انل کو اسٹیٹ ٹیچر ایوارڈ سے خود کو مطمئن کرنا پڑا تھا۔ پرائمری ایجوکیشن ڈائرکٹر پنکج کمار نے کیمور کے ڈی ای او کو 9 اگست کے پریزنٹیشن میں ٹیچر انیل کمار سنگھ کو شامل کرنے کے لیے ایک خط بھیجا تھا۔