دہلی سے قریب اسمارٹ سٹی فرید آباد کے گرین فیلڈ واقع 787 نمبر ایک کثیر منزلہ عمارت میں پیر کی صبح ایک دردناک حادثہ پیش آیا۔ موصولہ اطلاع کے مطابق مکان کی پہلی منزل پر واقع ایک فلیٹ میں لگے اے سی میں آگ لگنے سے دوسری منزل کے ایک فلیٹ میں دھواں بھر گیا۔ اس سے یہاں رہنے والے ایک ہی کنبہ کے تین لوگوں کی موت ہو گئی جبکہ ایک بچہ جان بچانے کی کوشش میں زخمی ہو گیا۔ذرائع کے مطابق اس دردناک حادثے میں جان گنوانے والوں میں شوہر-بیوی اور ان کی بیٹی شامل ہے۔ وہیں بیٹے نے دوسری منزل سے نیچے کود کر اپنی جان بچائی۔ حالانکہ اونچائی سے کودنے کی وجہ سے اس کے پیر میں چوٹ لگی ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ قریب پونے تین بجے راکیش ملک کے اسپلٹ اے سی میں آگ لگ گئی۔ آگ لگتے ہی راکیش ملک نے اپنا دروازہ کھول دیا۔ ان کا پورا کنبہ عمارت سے باہر نکل آیا۔ دوسری منزل پر رہنے والے سچن کپور کو آگ لگنے کی بھنک نہیں لگی۔ جیسے ہی دھواں دوسری منزل پر پہنچا تو اپنی اہلیہ اور بیٹی کے ساتھ سوئے سچن کا دم گھٹنے لگا۔ وہ جان بچانے کے لیے چھت کی طرف بھاگے۔ سیڑھی کا گیٹ بند ہونے کی وجہ سے وہ چھت پر نہیں جا پائے۔تنی دیر میں دھواں تین منزلہ عمارت میں پوری طرح پھیل گیا، جس سے سچن، اس کی اہلیہ رنکو اور بیٹی سُجان کا دم گھٹ گیا۔ وہیں الگ کمرے میں سویا بیٹا آرین دھواں ہونے پر نیچے کی طرف بھاگا اور دوسری منزل سے نیچے کود کر اپنی جان بچائی۔