بہار کے مغربی چمپارن واقع گورنمنٹ میڈیکل کالج اسپتال (جی ایم سی ایچ) میں ایک حیران کرنے والا معاملہ سامنے آیا ہے۔ نوتن تھانہ حلقہ کی ایک خاتون نے اسپتال میں تین منٹ میں تین بچوں کو جنم دیا ہے۔ ڈاکٹروں نے اس سلسلے میں جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ خاتون نے دو بیٹی و ایک بیٹے کو جنم دیا ہے اور ماں کے ساتھ ساتھ تینوں بچے بھی صحت مند ہیں۔
موصولہ خبر کے مطابق شبنم خاتون نوتن تھانہ حلقہ کے کھڈا رحیم پور وارڈ 7 کے باشندہ شہاب الدین انصاری کی بیوی ہے۔ اس نے تین بچوں کو جنم دیا ہے جس کے بعد اہل خانہ میں خوشی کا ماحول دیکھنے کو مل رہا ہے۔ جی ایم سی ایچ کی خاتون معالج ڈاکٹر ریشمی اور ڈاکٹر نغمہ نے بتایا کہ تینوں بچے صحت مند ہیں۔ یہ تینوں بچے ایک ایک منٹ کے وقفہ پر پیدا ہوئے ہیں۔ اس میں پہلے بچہ کا وزن 2.2 کلوگرام، دوسرے بچہ کا وزن 1.75 کلوگرام اور تیسرے بچہ کا وزن 1.4 کلوگرام ہے۔ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ پہلا بچہ بدھ کے روز 6.37 بجے، دوسرا بچہ 6.38 بجے اور تیسرا بچہ 6.39 بجے صبح میں پیدا ہوا۔ انھوں نے یہ بھی جانکاری دی کہ ایسے معاملے بہت کم دیکھنے کو ملتے ہیں۔ صحیح وقت پر سرجری ہونے کی وجہ سے تینوں بچوں کو کامیابی کے ساتھ حمل سے باہر نکالا گیا۔ اہل خانہ نے ڈاکٹروں اور اسپتال انتظامیہ کو اس کامیاب آپریشن کے لیے شکریہ ادا کیا۔ ایک ساتھ گھر میں تین بچوں کی پیدائش کے بعد رشتہ داروں میں خوشی کا ماحول ہے۔ مٹھائیوں کی تقسیم ہو رہی ہے اور بچے کو دیکھنے کے لیے رشتہ دار اسپتال پہنچ رہے ہیں۔