نئی دہلی : اٹھارہویں لوک سبھا کے لیے سات مراحل میں ووٹنگ کا عمل انجام پانے کے بعد آج یعنی 4 جو ن بروز منگل کو ووٹوں کی گنتی کی جائے گی۔اس درمیان الیکشن کمیشن نے ای وی ایم کے ووٹوں کی گنتی سے قبل پوسٹل بیلٹس کی گنتی کے اپوزیشن پارٹیوں کے مطالبے کو تسلیم کر لیا ہے اور اس تعلق سے ہدایت دے دی گئی ہے کہ 4 جون کو ہونے والی ووٹوں کی گنتی سے قبل پوسٹل بیلٹس کی گنتی کی جائے گی۔ الیکشن کمیشن کے ذریعے اپوزیشن پارٹیوں کے وفد کا مطالبہ تسلیم کرنے پر کانگریس لیڈر ابھشیک منو سنگھوی نے الیکشن کمیشن کے تئیں اظہار تشکر کیا ہے۔
ابھیشک منو سنگھوی نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن کا ایک وفد اتوار کو الیکشن کمیشن سے ملنے گیا تھا۔ الیکشن کمیشن نے ہمیں اتوار کو فوری وقت دیا اور ہماری باتوں کو تحمل سے سنا، جس کے لیے ہم الیکشن کمیشن کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سے بھی زیادہ خوشی اس بات کی ہے کہ الیکشن کمیشن نے جمہوریت کے ایک سنگین مسئلہ کو سمجھا۔ ووٹوں کی گنتی سے دو دن قبل اپوزیشن کی درخواست پر الیکشن کمیشن نے شائستگی کے ساتھ اور فوری طور پر اتفاق کر لیا ہے اور اس کا اطلاق منگل کو ووٹوں کی گنتی کے وقت کیا جائے گا۔