نئی دہلی : ملک کے مختلف علاقوں میں شدید گرمی اب جان لیوا شکل اختیار کر چکی ہے۔ درجۂ حرارت روزانہ نئے ریکارڈ بنا رہا ہے۔ دو دن قبل دہلی کے منگیش پوری میں درجۂ حرارت 52.9 ریکارڈ کیا گیا تھا، جس سے پورے ملک میں خوف پھیل گیا تھا۔ مگر اب مہاراشٹر کے ناگپور سے اس سے بھی بھیانک خبر آئی ہے۔ مہاراشٹر کی دوسری راجدھانی ناگپور میں جمعرات (30 مئی) کو درجۂ حرارت 56 ڈگری سلسیس تک ریکارڈ کیا گیا۔ اس شدید گرمی سے ناگپور کے لوگ جھلس کر رہ گئے۔
غیر متوقع طور پر بڑھنے والے اس درجۂ حرارت سے ناگپور تندور میں تبدیل ہو گیا ہے۔ لوگ گرمی سے پریشان ہیں اور سمجھ نہیں پا رہے کہ آخر اتنی گرمی کیوں اور کیسے بڑھ گئی ہے۔ درجۂ حرارت کے اس اضافے سے ہندوستان کا محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) بھی متفکر ہو گیا ہے۔ دہلی کے منگیش پوری میں درجۂ حرارت کے 52.9 ڈگری تک پہنچنے پر آئی ایم ڈی نے جانچ کا حکم دیا تھا۔ اب ناگپور میں بھی اس کی جانچ کی جا رہی ہے کہ درجۂ حرارت کی پیمائش میں کہیں کوئی غلطی تو نہیں ہوئی ہے؟