نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے چندریان -3 کی کامیابی ملک کی اجتماعی کامیابی قرار دیا دیتے ہوئے کہا کہ ملک کو یہ کامیابی سب کی کوششوں سے حاصل ہوئی ہے۔ اتوار کو آل انڈیا ریڈیو پر نشر ہونے والے اپنے ماہانہ پروگرام ‘من کی بات کے 104ویں ایپی سوڈ میںوزیر اعظم مودی نے کہا کہ چندریان -3 کی کامیابی نے ملک کا سر فخر سے بلند کیا ہے، اس لیے مہم کی کامیابی کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔
انہوں نے کہاکہ مشن چندریان-3 نئے ہندوستان کی شناخت بنا ہے۔ ہم چاند تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے کیونکہ آج ہمارے خواب بڑے ہیں اور ہماری کوششیں بھی بڑی ہیں۔ چندریان 3 کی کامیابی میں ہمارے سائنسدانوں کے ساتھ ساتھ دیگر شعبوں نے بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔وزیر اعظم مودی نے شاعرانہ انداز میں کہاکہ23 اگست کو ہندوستان نے اور ہندوستان کے چندریان مشن نے ثابت کر دیا ہے کہ عزم کے کچھ سورج چاندپر بھی طلوع ہوتے ہیں۔ مشن چندریان نئے ہندوستان کے اس جذبے کی علامت بن گیا ہے، جو ہر قیمت پر جیتنا چاہتا ہے اور ہرقیمت پر جیتنا جانتا بھی ہے۔ ہندوستان کا مشن چندریان، ناری شکتی کی بھی زندہ مثال ہے۔ اس پورے مشن میں بہت سی خواتین سائنسدان اور انجینئرز براہ راست شامل رہی ہیں۔ انہوں نے مختلف سسٹمز کے پروجیکٹ ڈائریکٹر، پروجیکٹر مینیجر جیسی کئی اہم ذمہ داریاں نبھائی ہیں۔ ہندوستان کی بیٹیاں اب لامحدود خلا کو بھی چیلنج کر رہی ہیں۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ اپنی صدارت کے دوران ہندوستان نے جی 20 کو مزید جامع فورم بنایا ہے۔ ہندوستان کی دعوت پر افریقی یونین بھی جی 20 میں شامل ہوا اور افریقہ کے لوگوں کی آواز دنیا کے اس اہم پلیٹ فارم تک پہنچی۔ ملک کے 60 شہروں میں اس سے متعلق تقریباً 200 اجلاس منعقد کئے گئے۔ جی 20 کے مندوبین جہاں بھی گئے، لوگوں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
وزیراعظم مودی نے کہا کہ سنسکرت دنیا کی قدیم ترین زبانوں میں سے ایک ہے۔ اسے بہت سی جدید زبانوں کی ماں بھی کہا جاتا ہے۔ آج لوگوں میں سنسکرت میں بیداری اور فخر کا احساس بڑھ گیا ہے۔ اس کے پیچھے گزشتہ برسوں میں ملک کا خصوصی تعاون بھی ہے۔