پٹنہ :بہار میں گرمی عروج پر ہے اور ایک بار پھر اسکولی طلبا گرم ہوا (لو) کی وجہ سے بیمار پڑنے لگے ہیں۔ آج (10 جون) کئی اضلاع سے بچوں کے بیمار ہونے کی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔ بکسر کے ڈمراؤں اور پٹنہ کے بہٹا سے تو بچوں کے تڑپنے اور بیہوش ہونے کی تصویریں سامنے آئی ہیں۔ بہٹا میں ایک طالبہ کی ناک سے خون آنے لگا اور ایک دیگر طالب علم اچانک بیہوش ہو گیا۔
مختلف ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق بہار کے شیخ پورہ، پٹنہ اور بکسر سمیت 6 اضلاع کے بچے بیمار ہو گئے ہیں۔ پٹنہ کے بہٹا میں گرمی کے سبب ایک بچی تڑپنے لگی اور اس کی ناک سے خون بہنے لگا۔ یہ دیکھ کر افرا تفری کا ماحول پیدا ہو گیا اور پھر اسکول کے اساتذہ و مقامی لوگوں نے اسے فوراً مقامی اسپتال پہنچایا۔ ایک دیگر طالب علم گرمی سے بیہوش ہو گیا جس کے منھ پر پانی ڈال کر اسے ہوش میں لایا گیا، لیکن اس کی حالت خراب بتائی جا رہی ہے۔