ممبئی: سلمان خان کے گھر کے باہر فائرنگ کیس کے ملزم انوج تھاپن نے پولیس لاک اپ میں خودکشی کرلی ۔ انوج تھاپن کواس کے ساتھی سونو سبھاش چندر کے ساتھ پوچھ گچھ کے لیے ممبئی پولیس ہیڈ کوارٹر میں واقع کرائم برانچ کے دفتر میں رکھا گیا تھاجہاں اس نے انتہائی قدم اٹھا یا ۔حالانکہ اسے اسپتال لے جایا گیا لیکن جانبر نہ ہو سکا ۔پولیس پنجاب سے سونو سبھاش چندر اور انوج تھاپن کو ممبئی لائی تھی جنہوں نے سلمان خان کے گھر گلیکسی اپارٹمنٹ کے باہر فائرنگ کرنے والے ملزمان کو اسلحہ دیا تھا۔ تھاپن ٹرک پر ہیلپر کا کام کرتا تھا۔ جبکہ سبھاش کھیتی باڑی کرتاہے۔ انوج کے خلاف پہلے سے ہی جرائم درج ہیں اور کہا جاتا ہے کہ اس کا تعلق لارنس وشنوئی گینگ سے ہے۔ان دونوں نے 15 مارچ کو پنویل میں دو پستول فراہم کیے تھے۔ ممبئی کرائم برانچ، جو اس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے، نے پنجاب سے دو لوگوں کو گرفتار کیا تھا جنہوں نے شوٹروں کو بندوقیں دی تھیں۔ دونوں کی نشاندہی پر پولس نے سورت میں تاپی ندی سے دو پستول، 4 میگزین اور 17 کارتوس برآمد کیے۔سلمان خان کے گھر کے باہر فائرنگ کے واقعے کی تحقیقات کرنے والی ممبئی پولیس یہ بھی جاننے کی کوشش کر رہی ہے کہ لارنس بشنوئی گینگ کو بھارت سے باہر کام کرنے والے ملک دشمن عناصر سے پیسے یا ہتھیاروں کی صورت میں کسی قسم کی مدد تو نہیں ملی۔
14 اپریل کی صبح ممبئی کے باندرہ علاقے میں گلیکسی اپارٹمنٹ کے باہر دو افراد نے فائرنگ کی تھی۔ سلمان خان اس اپارٹمنٹ میں رہتے ہیں۔ اس معاملے میں گجرات کی سابرمتی جیل میں بند گینگسٹر لارنس بشنوئی اور اس کے چھوٹے بھائی انمول بشنوئی ملزم ہیں۔خیال کیا جا رہا ہے کہ انمول اس وقت امریکہ یا کینیڈا میں ہیں۔ انمول نے فیس بک پوسٹ کے ذریعے فائرنگ کے واقعہ کی ذمہ داری قبول کی تھی۔ تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ اس کا آئی پی ایڈریس پرتگال کا تھا۔