بہار کے سپور ضلع میں این ایچ-327 پر خوفناک حادثہ میں ایک ہی کنبہ کے 3 لوگوں کی موت ہو گئی۔ متاثرہ کنبہ جولہنیاں سے چھٹھ کا بھوج کھا کر لوٹ رہا تھا، تبھی ان کی اسکارپیو کار بے قابو ہو کر نہر میں جا گری۔ حادثہ کے بعد موقع پر پہنچی پولیس نے 4 لوگوں کی جان بچا لی، لیکن 3 لوگوں کی موت ہو گئی۔
حادثہ جمعہ کی دیر شب تقریباً 11 بجے کا بتایا جا رہا ہے۔ اسکارپیو گاڑی میں سوار ہو کر ایک ہی کنبہ کے 7 لوگ چھٹھ کا بھوج کھا کر اپنے گھر لوٹ رہے تھے، جو کہ سہرسہ ضلع کے نوہٹہ تھانہ کے وارڈ نمبر 9 کے رہنے والے تھے۔ راستہ میں ہی صدر تھانہ حلقہ کے تھلہا کے پاس پُل پر کار بے قابو ہوا اور سڑک کنارے موجود ریلنگ کو توڑتے ہوئے نیچے نہر میں جا گری۔ گیٹ لاک ہونے کے سبب شوہر، بیوی اور ان کی بیٹی کی موت ہو گئی۔ مہلوکین کی شناخت صوفیہ پروین، انتخاب اور ساجدہ خاتون کے طور پر ہوئی ہے۔
واقعہ کی جانکاری دیتے ہوئے گاڑی میں موجود سمیر نے بتایا کہ انتخاب گاڑی چلا رہے تھے۔ بیٹی صوفیہ ڈرائیور سیٹ کے بغل میں بیٹھی تھی۔ انتخاب کی بیوی ساجدہ خاتون اور بچے بیچ والی سیٹ پر بیٹھے تھے۔ سمیر پچھلی سیٹ پر بیٹھا ہوا تھا۔ اقرا کو نیند آ رہی تھی، اس لیے اسے پیچھے پکڑا رہے تھے، تبھی اسٹیئرنگ تیزی سے مڑ گیا اور یہ حادثہ سرزد ہو گیا۔ نہر میں گرتے ہی گاڑی کے سبھی گیٹ لاک ہو گئے، لیکن ڈگی کھل گئی۔ اس ڈگی سے سمیر نے 3 بچوں کی جان بچا لی۔ بعد ازاں سمیر نے فوراً حادثہ کی جانکاری گھر والوں کو دی۔ گاڑی حادثہ کا شکار ہوتے ہی موقع پر کچھ ہی دیر میں لوگوں کی بھیڑ جمع ہو گئی۔ پولیس بھی موقع پر پہنچی اور لاش کو قبضہ میں لے کر معاملے کی جانچ شروع کر دی۔