پٹنہ: بہار قانون سازیہ کا ہنگامہ خیز مانسون اجلاس جاری ہے۔ آج اجلاس کی کارروائی کا تیسرا دن ہے۔ گزشتہ دو دنوں سے اپوزیشن رہنما سیاہ کپڑے پہن کر این ڈی اے حکومت کے خلاف اپنا احتجاج درج کرا رہے ہیں۔ بدھ کو تیسرے دن بھی حزب مخالف کے اراکین اسمبلی سیاہ کپڑے پہن کر ایوان کی کارروائی میں حصہ لینے پہنچے۔
اسمبلی کے مین گیٹ پر اپوزیشن رہنماؤں نے حکومت کی پالیسیوں اور اس کی ناکامی کے خلاف جم کر نعرے بازی کی اور اپنا احتجاج بلند کیا۔ اس موقع پر اپوزیشن رہنما تیجسوی یادو بھی موجود تھے۔ اس دوران اراکین اسمبلی اور مارشل کے درمیان دھکا مکی ہوئی۔ راشٹریہ جنتادل کے رہنما بھائی وریندر نے کہا کہ نتیش حکومت اپوزیشن کی آواز کو خاموش کرنا چاہتی ہے۔
راشٹریہ جنتادل، کانگریس اور بائیں بازو کے اراکین سیاہ لباس میں آج صبح قانون سازیہ احاطہ پہنچے اور ایس آئی آر کے معاملے پر مظاہرہ کرنے لگے۔ حزب مخالف کے اراکین ایس آئی آر واپس لینے کا مطالبہ کر رہے تھے۔ اراکین اسمبلی نے مین گیٹ کو جام کر دیا، اس کے بعد وزیر اعلیٰ نتیش کمار، نائب وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری سمیت این ڈی اے کے سبھی اراکین اسمبی دوسرے گیٹ سے ایوان میں داخل ہوئے۔
وہیں ایوان کی کارروائی شروع ہونے کے بعد وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور آر جے ڈی رہنما تیجسوی یادو میں تیکھی نوک جھونک شروع ہو گئی۔ تیجسوی کا کہنا تھا کہ ایوان کے اندر ایس آئی آر پر بحث ہونی چاہیے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ ایس آئی آر کی مخالفت نہیں کر رہے ہیں لیکن جو عمل الیکشن کمیشن اپنا رہا ہے وہ صحیح نہیں ہے۔ اس لیے وہ اس کی مخالفت کر رہے ہیں۔